حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بھیکپور کے بارگاہِ حسینی بچلا امام بارگاہ میں ہفتۂ وحدت کے سلسلے میں سہ روزہ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کے پہلے روز کا آغاز مکتبِ امامیہ آیت اللہ خامنہ ای کے طالب علم کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ محفل کی نظامت کی ذمہ داری جناب ندیم رضوی بھیکپوری اور جناب انتظار بھیکپوری نے انجام دی۔ ابتدا میں ننھے مداحوں کو اسٹیج پر مدعو کرنے کے لیے جناب ندیم رضوی بھیکپوری نے نظامت کے فرائض انجام دیے، جبکہ بعد ازاں جناب انتظار بھیکپوری نے محفل کی کارروائی کو آگے بڑھایا۔

نعتِ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کرنے کے لیے جناب حافظ اصغر علی کو دعوتِ سخن دی گئی۔ انہوں نے بارگاہِ رسالت میں نذرانۂ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ امتِ مسلمہ کو اتحاد و وحدت کا پیغام دیا اور دنیا بھر کے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر دشمنانِ اسلام کے مقابلے کے لیے آمادگی کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے بارگاہِ رسالت میں نذرانۂ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا:
تیری نسلِ پاک میں ہے بچہ بچہ نور کا
تو ہے عینِ نور، تیرا کل گھرانہ نور کا
بعد ازاں جلسے کی اختتامی تقریر کے لیے اہلسنت عالم دین مفتی عابد حسین، امامِ جمعہ مدینہ مسجد، چین، کو دعوتِ خطاب دی گئی۔

مفتی عابد حسین نے اپنے مخصوص اور مؤثر اندازِ بیان میں سیرتِ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور مسلمانوں کو سیرتِ محمدیؐ پر عمل کرنے کی تاکید کی۔
انہوں نے کہا کہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے دوستوں اور اہلِ ایمان کے لیے نہایت نرم خو اور مہربان تھے، جبکہ دشمنانِ اسلام کے مقابلے میں مضبوط اور ثابت قدم رہتے تھے۔ انہوں نے زور دیا کہ اگر آج کے مسلمان سیرتِ نبویؐ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنا لیں اور اتحاد و یکجہتی کے ساتھ زندگی گزاریں تو دشمنانِ اسلام کو مسلم ممالک کی طرف بری نظر سے دیکھنے کی جرأت نہیں ہوگی۔

تقریر کے اختتام پر مفتی عابد حسین نے بارگاہِ رب العزت میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ امتِ مسلمہ کو اتحاد و یکجہتی کے ساتھ زندگی گزارنے اور سیرتِ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
اس پروگرام میں مؤسس و بانی حوزہ علمیہ آیت اللہ خامنہ ای مولانا سید شمع محمد رضوی مقیم حال قم ایران، مولانا محمد رضا معروفی و دیگر مذہبی شخصیت بھی موجود تھے۔












آپ کا تبصرہ