جمعرات 3 ستمبر 2026 - 00:58
دہلی میں جشنِ صادقین کا روح پرور انعقاد، سیرتِ نبویؐ اور تعلیماتِ امام صادقؑ پر روشنی

حوزہ/ نئی دہلی کی امام بارگاہ نورِ الٰہی میں جشنِ صادقین کے عنوان سے ایک روحانی و علمی محفل منعقد ہوئی، جس میں ممتاز علماء، شعراء، مدح خوانوں اور مومنین نے شرکت کی۔ محفل کے دوران سیرتِ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، فضائل و تعلیماتِ امام جعفر صادق علیہ السلام، معرفتِ اہلِ بیت علیہم السلام اور ائمۂ معصومین علیہم السلام کی علمی و روحانی خدمات پر روشنی ڈالی گئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نئی دہلی کی امام بارگاہ نورِ الٰہی میں جشنِ میلاد کے پُرمسرت ایام کی مناسبت سے ایک روحانی و علمی محفل بعنوان ’’جشنِ صادقین‘‘ منعقد ہوئی، جس میں علماء، شعراء، مدح خوانوں اور اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام کے عقیدت مندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

محفل کا آغاز مکتبِ امام جعفر صادق علیہ السلام، نورِ الٰہی کے طالب علم اعظم سلمہ نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا۔ اس کے بعد محفل کے نظامت کے فرائض مولانا محمد حسن سرسوی نے نہایت عمدگی سے انجام دیے۔

دہلی میں جشنِ صادقین کا روح پرور انعقاد، سیرتِ نبویؐ اور تعلیماتِ امام صادقؑ پر روشنی

اس موقع پر مقامی شعراء اور مدح خوانوں نے بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور بارگاہِ اہلِ بیت علیہم السلام میں اپنے خوبصورت کلام اور نذرانۂ عقیدت پیش کیے۔ جن میں جناب مرزا فجر صاحب سانکھنوی، محمد مہدی سانکھنوی، مشرف سانکھنوی، ندیم نقوی، ساغر کربلائی اور رضا عباس شامل تھے۔ ان کے عقیدت بھرے کلام نے محفل کے روحانی ماحول کو مزید پُرنور اور باکیف بنا دیا۔

جشنِ صادقین میں دہلی کے ممتاز علماء کرام نے بھی شرکت کی اور محفل کو علمی و روحانی وقار بخشا۔ محفل کی صدارت مولانا سید محمد باقر زیدی نے فرمائی۔ جبکہ دیگر شریک علماء میں مولانا عابد رضا، مولانا رضوان حسین، مولانا محمد رضا زیدی، مولانا شاہ محمد زیدی، مولانا علی ثمر زیدی، مولانا مقتدیٰ رضوی، مولانا سجاد ربانی، مولانا ریاض حیدر، مولانا تفاخر صاحب، مولانا محمد عباس صابری، مولانا نعمت علی اور حافظ محمد رضا رضوی شامل تھے۔

اپنے بصیرت افروز خطاب میں مولانا سید محمد باقر زیدی نے سیرتِ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، علم، معرفت اور اہلِ بیت علیہم السلام کی تعلیمات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرتِ طیبہ انسانیت کے لیے ایک کامل نمونۂ عمل ہے اور آپؐ نے علم، اخلاق، عدل، رحمت اور انسان دوستی کی ایسی بنیادیں قائم کیں جن کی روشنی آج بھی پوری انسانیت کی رہنمائی کر رہی ہے۔

انہوں نے امام جعفر صادق علیہ السلام کی علمی، فکری اور روحانی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ امام صادقؑ نے ایک ایسے علمی مکتب کی بنیاد کو مضبوط کیا جس نے اسلامی علوم کے مختلف میدانوں میں امت کی رہنمائی کی۔ آپؑ کی تعلیمات میں توحید، معرفتِ الٰہی، اخلاق، عبادت، علم اور انسان کی عملی تربیت کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔

خطاب میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ ائمۂ معصومین علیہم السلام نے رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حقیقی تعلیمات کو محفوظ رکھتے ہوئے ہر دور میں انسانوں کی فکری اور روحانی رہنمائی فرمائی۔ اہلِ بیتؑ کی معرفت صرف محبت اور عقیدت تک محدود نہیں بلکہ ان کی سیرت، کردار اور تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں اپنانا بھی معرفت کا اہم تقاضا ہے۔

محفل کے اختتام پر مولانا سید محمد باقر زیدی نے دعائیہ کلمات ادا کیے اور جشنِ صادقین کی اس روحانی و علمی محفل کو آئندہ سال کے انعقاد تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا گیا۔

دہلی میں جشنِ صادقین کا روح پرور انعقاد، سیرتِ نبویؐ اور تعلیماتِ امام صادقؑ پر روشنی

آخر میں مولانا حیدر علی جعفری، امامِ جماعت نورِ الٰہی نے تمام مہمان علماء، شعراء، مدح خوانوں اور مومنین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بالخصوص تنظیم جعفری کمیٹی کا بھی اظہارِ تشکر کیا، جس کے تعاون اور بہترین ہم آہنگی کے باعث محفل کے انتظامات خوش اسلوبی سے انجام پائے۔

شرکائے محفل نے اس امید کا اظہار کیا کہ جشنِ صادقین جیسی علمی و روحانی محافل نئی نسل کو سیرتِ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، معرفتِ اہلِ بیت علیہم السلام اور بالخصوص امام جعفر صادق علیہ السلام کے علمی و اخلاقی مکتب سے مزید قریب کرنے میں مؤثر کردار ادا کریں گی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha