حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،قم المقدسہ، ایران/ مجمع علمائے جنوب ہند مقیم ایران کے مرکزی دفتر میں گزشتہ شب باوقار جشنِ صادقین علیہما السلام کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایران میں مقیم جنوب ہند سے تعلق رکھنے والے علماء و طلاب نے شرکت کی۔

جشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید محمد علی رضوی نے امام جعفر صادق علیہ السلام کی سیرت و تعلیمات کے مختلف علمی، اخلاقی اور روحانی پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ائمۂ اہل بیت علیہم السلام کی علمی و فکری میراث کو امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ قرار دیتے ہوئے ان کی تعلیمات سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
تقریب کی نظامت مولانا مرزا علی محمد نے انجام دی۔ اس موقع پر مولانا شبیر مہدی خان اور مولانا رضا علی خان نے مجمع علمائے جنوب ہند مقیم ایران کی علمی، تنظیمی اور اجتماعی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ موجودہ حالات سے علماء و طلاب کو آگاہ کیا۔

جشن کی صدارت مولانا حبیب رضا باقری نے فرمائی، جبکہ مولانا سید مصطفیٰ مہدی رضوی مہمانِ خصوصی تھے۔ انہوں نے اپنے خصوصی دعاؤں سے محفل کو رونق بخشی اور علماء و طلاب کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔
تقریب کے اختتام پر صلوات اور دعائیہ کلمات پیش کیے گئے۔ اس موقع پر علماء و طلاب نے باہمی اتحاد و یکجہتی کے فروغ، علمی و تحقیقی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے اور مکتبِ اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کو عام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔









آپ کا تبصرہ