ہفتہ 5 ستمبر 2026 - 14:50
حوزہ علمیہ ایران کے نئے تعلیمی سال کا آغاز؛ علمی سرگرمیوں کے نئے دور کا آغاز

حوزہ/ حوزات علمیہ ایران میں نئے تعلیمی سال کا آغاز ہوگیا۔ اس موقع پر علمائے کرام، اساتذہ، فضلا اور طلبہ نے اپنی علمی و تبلیغی ذمہ داریوں کو مزید مؤثر انداز میں انجام دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی قم آمد کی سالگرہ کے موقع پر نئے تعلیمی سال 1405-1406 ہجری شمسی کے آغاز کی تقریب آج ہفتہ 5 ستمبر کو مدرسہ فیضیہ قم میں منعقد ہوئی، جس میں علما، فضلا، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔

تقریب میں حضرت امام خمینی، شہید رہبر اور دیگر شہداء شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ’’اللہ اکبر‘‘، ’’امریکہ مردہ باد‘‘، ’’اسرائیل مردہ باد‘‘ اور ’’ہیہات منا الذلہ‘‘ کے نعرے لگائے گئے اور رہبر معظم اور مسلح افواج کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا گیا۔

تقریب سے آیت اللہ سبحانی نے خطاب کیا، جبکہ آیت اللہ شب زندہ دار، آیت اللہ اعرافی، جامعہ مدرسین، شورای عالی حوزات علمیہ اور مجلس خبرگان کے بعض ارکان، حوزوی منتظمین اور سینئر اساتذہ بھی موجود تھے۔

حوزہ علمیہ قم کے شعبۂ تعلیم کے معاون حجۃ الاسلام والمسلمین علی اصغر ہمتیان نے گزشتہ تعلیمی سال کی کارکردگی اور نئے سال کے منصوبوں کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ حوزہ قم میں 30 ہزار سے زائد طلبہ اور 4 ہزار سے زائد اساتذہ تعلیمی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جبکہ گزشتہ سال 700 سے زائد درس خارج منعقد ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ حوزہ قم کے مدارس و مراکز میں 84 علمی مجلات شائع ہوئے، 250 علمی نشستیں منعقد ہوئیں اور علامہ حلیؒ فیسٹیول میں 2254 اساتذہ نے شرکت کی، جن میں 150 افراد منتخب ہوئے۔ علاوہ ازیں درس خارج کی 10 ہزار سے زائد تقریرات بھی نظام میں درج کی گئیں۔

حوزہ علمیہ کے شعبۂ تعلیم کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین ابوالقاسم مقیمی حاجی نے بتایا کہ ملک بھر میں 550 سے زائد تعلیمی یونٹس اور 5500 سے زائد اساتذہ نئے تعلیمی سال میں علمی و تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کر رہے ہیں۔

آیت اللہ اعرافی نے کہا کہ نئے تعلیمی سال کے آغاز پر عہد کرتے ہیں کہ ہم آیت «أَدْعُو إِلَی اللَّهِ» کے مصداق بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا حوزہ علمیہ کی طرف دیکھ رہی ہے اور حوزہ علمیہ انقلاب، عوام اور میدانِ عمل سے اپنی وابستگی برقرار رکھتے ہوئے علمی سفر اور جہاد کو آگے بڑھائے گا۔

تقریب میں حوزہ ہائے علمیہ کے دوسرے پانچ سالہ منصوبے کی رونمائی بھی کی گئی۔

آیت اللہ العظمیٰ سبحانی نے دین میں تفقہ اور مختلف علاقوں میں علما کی تبلیغی ہجرت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انقلاب اور اسلامی جمہوریہ، حوزہ علمیہ قم کی برکتوں میں سے ہیں۔ انہوں نے تبلیغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تبلیغی ذمہ داری کو معمولی نہ سمجھا جائے اور تخصصی شعبۂ تبلیغ کو مزید تقویت دی جائے۔

انہوں نے مدرسہ فیضیہ، دارالشفاء اور آیت اللہ العظمیٰ گلپایگانیؒ کے مدارس کی حوزہ علمیہ قم میں مرکزی حیثیت برقرار رکھنے اور ان کے مقام کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔

واضح رہے کہ اتوار 6 ستمبر سے حوزہ علمیہ قم میں مقدمات، سطح اور خارج سمیت تمام تعلیمی مراحل کی سرگرمیاں باضابطہ طور پر شروع ہوں گی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha