پیر 7 ستمبر 2026 - 17:04
کراچی میں علماء کرام اور دینی طلاب کے لیے ’’اسلامی بینکنگ اور فنانس‘‘ کے موضوع پر دو روزہ خصوصی تربیتی پروگرام کا اعلان

حوزہ / جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ سندھ و بلوچستان کے زیر اہتمام علماء کرام اور دینی طلاب کے لیے ’’اسلامی بینکنگ اور فنانس‘‘ کے موضوع پر دو روزہ خصوصی تربیتی پروگرام منعقد کیا جائے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اس خصوصی تربیتی پروگرام کا مقصد شریعت اسکالرز اور محققین کو اسلامی فنانس کے بنیادی اصولوں، تقابلی جائزے اور عملی اطلاقات سے آگاہ کرنا ہے۔ پروگرام کے ذریعہ شرعی مفاہیم کے تجزیے اور انہیں جدید مالیاتی نظام میں عملی طور پر نافذ کرنے کی صلاحیتوں کو فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔

پروگرام میں اسلامی مالیات کی بنیادیں، اس کے ماخذ، اصول، اہمیت اور شرعی پابندیوں کے علاوہ روایتی سودی اور اسلامی بینکنگ کا تقابلی جائزہ پیش کیا جائے گا۔ اسی طرح اسلامی عقود کے قانونی فریم ورک، ارکان اور شرائط کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

تربیتی پروگرام کے دوسرے روز اسلامی فنانسنگ کے مختلف طریقوں، بالخصوص مرابحہ، سَلَم، استصناع اور اجارہ کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا جبکہ شرکت اور مضاربہ پر مبنی فنانسنگ کے اہم نکات اور عملی استعمال، ڈپازٹس اور پول مینجمنٹ سمیت ذمہ داریوں اور واجبات کے انتظام کے ڈھانچے پر بھی گفتگو ہوگی۔

پروگرام میں مائیکرو اور کنزیومر فنانس کے تحت ہاؤسنگ، کار، پرسنل فنانس اور کریڈٹ کارڈز کے شرعی ماڈلز بھی زیر بحث آئیں گے۔

اس خصوصی تربیتی پروگرام کے نمایاں مقاصد میں بینکاری نظام میں اہل بیت علیہم السلام کی فقہی آراء کے انعکاس کے طریقۂ کار سے آگاہی اور مختلف بینکوں کی فقہی کمیٹیوں میں شمولیت کے طریقۂ کار کی وضاحت بھی شامل ہے جبکہ شرکاء کو پرکشش مراعات فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

پروگرام میں شرکت کے لیے وفاق المدارس سے شہادۃ العالمیہ یا ایران سے کارشناسی کی سند رکھنے والے افراد اہل ہوں گے۔ نشستیں محدود ہیں۔

یہ تربیتی پروگرام اسٹیٹ بینک کے تعاون سے 14 اور 15 ستمبر کو صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک دانشگاہ امام خمینی، گلستان جوہر، بلاک 16، اسٹریٹ 20، نزدِ شریکۃ الحسین امام بارگاہ، کراچی میں منعقد ہوگا۔

مزید معلومات اور رجسٹریشن کے لیے 03342079029 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اس پروگرام کا انعقاد جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ سندھ و بلوچستان کی نمائندگی کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha