حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنانی ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا۔ میس الجبل اور بنی حیان میں بھی دھماکے کیے گئے، جبکہ المنصوری میں توپ خانے سے گولہ باری کے ساتھ گھروں اور بنیادی ڈھانچے کو دھماکوں سے تباہ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق المنصوری اور اس کے اطراف میں نصف شب سے اب تک 10 سے زائد شدید دھماکے ہوئے، جن کے جھٹکے صور شہر اور آس پاس کے دیہات تک محسوس کیے گئے۔ اسرائیلی فوج نے الخیام کے مشرقی علاقے میں بھی ایک بڑا دھماکہ کیا۔
لبنانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیل گھروں کو تباہ کرنے کے لیے ڈرونز کے ذریعے انتہائی طاقتور دھماکا خیز مواد چھتوں پر گرا کر انہیں دھماکے سے اڑانے کا طریقہ بھی استعمال کر رہا ہے۔

اسرائیلی جنگی طیاروں نے صور کے جنوب مشرق میں زبقین اور شیحین کے درمیان کے علاقے پر بمباری کی، جبکہ توپ خانے نے زوطر الشرقیہ کے اطراف کو میفدون کی سمت نشانہ بنایا۔ النبطیہ الفوقا پر بھی دوبارہ بمباری کی گئی۔
اسرائیل حالیہ دنوں میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنوبی لبنان میں حملے تیز کر چکا ہے اور توپ خانے، جنگی طیاروں اور ڈرونز کے ذریعے دیہات و قصبوں کو نشانہ بنانے کے ساتھ زرعی زمینوں اور گھروں کو بھی تباہ کر رہا ہے۔









آپ کا تبصرہ