حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد/ جامعۃ الکوثر میں انجمن جاں نثارانِ اہل بیتؑ کے بانی، صدر، سینئر اراکین اور دیگر ممبران کے اعزاز میں خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا، جس میں دینی، تعلیمی، طبی اور فلاحی منصوبوں میں باہمی تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
11 ستمبر 2026ء کو جامعۃ الکوثر، اسلام آباد میں علامہ شیخ انور علی نجفی کی جانب سے انجمن جاں نثارانِ اہل بیتؑ کے بانی، سینئر اراکین، انتظامیہ اور دیگر معزز ممبران کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔
انجمن کے بانی سید تطہیر عالم رضوی اور صدر سید اظفر حسین نقوی کی قیادت میں وفد نے جامعۃ الکوثر کا دورہ کیا، جہاں علامہ شیخ انور علی نجفی نے وفد کا استقبال کیا۔
اس موقع پر جامعۃ الکوثر کی علمی، تعلیمی اور فلاحی سرگرمیوں سے متعلق دو ڈاکومنٹریز پیش کی گئیں۔ پہلی ڈاکومنٹری میں جامعۃ الکوثر کے مختلف شعبہ جات، تعلیمی خدمات اور جاری سرگرمیوں کا تعارف پیش کیا گیا، جبکہ دوسری ڈاکومنٹری میں محسنِ ملت آیت اللہ علامہ شیخ محسن علی نجفیؒ کی حیات، علمی جدوجہد اور علوم اہل بیتؑ کے تحفظ، ترویج و اشاعت کے لیے ان کی خدمات کو اجاگر کیا گیا۔
ملاقات کے دوران علامہ شیخ انور علی نجفی نے جامعۃ الکوثر کے تحت جاری اور مستقبل کے مختلف تعلیمی، طبی اور فلاحی منصوبوں کے بارے میں وفد کو آگاہ کیا اور ادارے کے آئندہ لائحۂ عمل پر گفتگو کی۔
اس موقع پر انجمن جاں نثارانِ اہل بیتؑ کی جانب سے جامعۃ الکوثر کے تعلیمی، طبی اور فلاحی منصوبوں میں اپنی استطاعت کے مطابق تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ دونوں جانب سے مستقبل میں باہمی تعاون اور اشتراک کے ذریعے مختلف دینی، تعلیمی، طبی اور فلاحی منصوبوں پر مشترکہ طور پر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات کے دوران انجمن کے بانی اور سینئر اراکین نے علامہ شیخ انور علی نجفی کی خدمت میں محبت و عقیدت کے اظہار کے طور پر پھول پیش کیے، جبکہ انجمن کی جانب سے انہیں خصوصی تحائف بھی پیش کیے گئے۔
بعد ازاں مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ عشائیے کے بعد علامہ شیخ انور علی نجفی نے کربلائے معلیٰ سے لائے گئے خصوصی سکارفز انجمن کے اراکین میں بطور تبرک تقسیم کیے۔ اس موقع پر روضاتِ مقدسہ کی تصاویر بھی اراکین کو بطور یادگار پیش کی گئیں۔
بعد ازاں وفد نے جامعۃ الکوثر میں محفوظ علمی آثار اور دست نویس نسخوں کے ذخیرے کا دورہ کیا۔ اس دوران محسنِ ملت آیت اللہ علامہ شیخ محسن علی نجفیؒ کے دستِ مبارک سے تحریر کردہ قیمتی علمی نسخوں اور دیگر علمی آثار کا مشاہدہ کیا گیا۔
دورے کے اختتام پر انجمن کے اراکین نے محسنِ ملت آیت اللہ علامہ شیخ محسن علی نجفیؒ کی مرقدِ مبارک پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ان کی علمی و دینی خدمات کی قبولیت، درجات کی بلندی اور ان کے جاری علمی و فلاحی مشن کے تسلسل کے لیے دعا کی۔
انجمن جاں نثارانِ اہل بیتؑ کے مطابق جامعۃ الکوثر کا یہ دورہ دینی و علمی تعلقات کے فروغ اور مستقبل میں باہمی تعاون کے نئے امکانات پر تبادلۂ خیال کا اہم موقع ثابت ہوا۔









آپ کا تبصرہ