جمعرات 24 ستمبر 2026 - 21:36
وزیراعظم پاکستان کی نیویارک میں ایرانی صدر سے ملاقات / پاک ایران تعلقات اور علاقائی صورتحال پر گفتگو

حوزہ / وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔ جس میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اس ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے جبکہ ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے باہمی تعلقات سمیت خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر گفتگو کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا اور ایران کے درمیان دیرپا امن کے قیام کے لیے امید کا اظہار کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کی جانب سے ثالثی کی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا: ایران، اس کے ہمسایہ ممالک اور امریکا کے درمیان پاکستان مخلصانہ اور دیانت دار ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے جبکہ اسلام آباد کی کوشش ہے کہ کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکا جائے۔ پاکستان کی پوری توجہ اس معاملے پر مرکوز ہے اور اس حوالے سے امید کا دامن نہیں چھوڑا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha