جمعرات 28 مئی 2026 - 16:03
پاکستان ہمیشہ ایران کے ساتھ کھڑا رہے گا / معاہدہ ایرانی قوم کے وقار کے مطابق ہو گا

حوزہ / پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا ہے۔ جس میں دونوں رہنماؤں نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور خطے کی صورتحال پر گفتگو کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان تقریباً تیس منٹ جاری رہنے والی اس گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے اپنے اپنے ممالک کے عوام اور پوری مسلم اُمہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ایرانی صدر نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا: سعودی عرب، قطر اور ترکی سمیت دیگر علاقائی ممالک بھی ان کوششوں میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے موجودہ بحران کے دوران ایرانی شہریوں کے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور ایرانی قیادت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا۔ انھوں نے ایرانی صدر کے خیرسگالی کے جذبات پر شکریہ بھی ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا: وہ اُمید رکھتے ہیں کہ امن معاہدہ جلد طے پا جائے گا اور یہ ایرانی قوم کے وقار کے مطابق ہوگا۔ خطے میں امن کے قیام سے ایران کی معاشی صلاحیت کو فروغ ملے گا جس سے پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا: پاکستان ایک برادر اور ہمسایہ ملک کی حیثیت سے ہمیشہ ایران کے ساتھ کھڑا رہے گا اور امن کی بحالی کے بعد دونوں ممالک کے لیے روشن مستقبل موجود ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha