حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے یومِ عاشور کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا: یومِ عاشور اللہ تعالیٰ کی نصرت، اہلِ ایمان کی کامیابی اور حق کی سربلندی کے لیے دی جانے والی عظیم قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے باوفا رفقا کی لازوال قربانی نے اس دن کو تاریخ اسلام میں دائمی اہمیت عطا کی ہے۔
انہوں نے کہا: واقعۂ کربلا یہ پیغام دیتا ہے کہ اصولوں اور اقدار کی پاسداری ہی ایک باوقار اور مہذب معاشرے کی بنیاد ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ حق و صداقت کی خاطر قربانی دینا باطل کے سامنے جھکنے سے کہیں زیادہ افضل ہے۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا: واقعۂ کربلا احیائے سنتِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے عظیم مقصد کی عملی تعبیر ہے۔ یہ مقصد انفرادی اور اجتماعی زندگی میں عدل و انصاف، صبر، برداشت اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کے فروغ کا تقاضا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا: معاشرے میں اختلاف، نفرت اور انتشار کے بجائے باہمی احترام، رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے علما، مشائخ اور ذاکرین سے اپیل کی کہ یومِ عاشور کے حقیقی پیغام کو اجاگر کریں، بین المسالک احترام اور ہم آہنگی کو فروغ دیں اور اشتعال انگیزی اور نفرت کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
میاں محمد شہباز شریف نے کہا: ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی روشنی میں حق و انصاف سے اپنی وابستگی کو مزید مضبوط بنائیں گے اور معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا: ہمیں چاہئے کہ ہم اپنے کردار اور عمل کے ذریعے ایک مضبوط، متحد اور پرامن قوم کی تعمیر میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اللہ تعالیٰ دنیا بھر میں امن و استحکام، امت مسلمہ کو اتحاد، اتفاق اور خیر و برکت سے نوازے۔









آپ کا تبصرہ