پیر 29 جون 2026 - 01:46
کربلا انسانیت کی بھلائی اور اسلام کی سربلندی کا آفاقی پیغام ہے: مولانا سید ضیاء الحسن نجفی

حوزہ/وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل مولانا سید ضیاء الحسن نجفی نے عاشوراء کے پُرامن جلوس پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ مجموعی طور پر پورے ملک میں جلوس عزاداری پُرامن رہے؛ جس پر ہم حکومت کی کارکردگی، پالیسی اور انتظامات کو سراہتے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل مولانا سید ضیاء الحسن نجفی نے عاشوراء کے پُرامن جلوس پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ مجموعی طور پر پورے ملک میں جلوس عزاداری پُرامن رہے؛ جس پر ہم حکومت کی کارکردگی، پالیسی اور انتظامات کو سراہتے ہیں۔

انہوں نے جلوس ہائے عزاء اور مجالسِ عزاء کو روکنے کے لیے پولیس کے اپنے اختیارات سے تجاوز کرنے پر نوٹس لینے کو ضروری قرار دیا اور کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شہری آزادیوں میں رکاوٹ پیدا کرنے والے سرکاری افراد کے خلاف کاروائی کی جائے اور ان جلوسوں اور مجالس کے انعقاد میں رکاوٹوں کو دور کیا جائے؛ تاکہ قائد اعظم محمد علی جناح کے پاکستان میں مذہبی آزادی نظر بھی آئے۔

وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل مولانا ضیاء الحسن نجفی نے واضح کیا کہ عزاداری سید الشہداء کسی مکتبہ فکر یا حکومت کے خلاف نہیں، اس کا مقصد امام حسین علیہ السلام سے اظہارِ عقیدت اور پیغامِ کربلا لوگوں تک پہنچانا ہے۔ اس بار لوگوں کی بڑی تعداد مجالس اور جلوسوں میں شریک ہوئی، جس سے واضح ہوتا ہے کہ پیغامِ حسین ؑلوگوں تک پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام اور عاشورہ کا تعلق کسی خاص مسلک یا مذہب سے نہیں، بلا تفریق رنگ و نسل ہر طرح کے لوگ اسے مناتے ہیں، چونکہ کربلا انسانیت کی بھلائی اور اسلام کی سربلندی کا آفاقی پیغام ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام میں ہر سال کثیر تعداد میں عقیدت مندوں کا اضافہ واضح کرتا ہے کہ کربلا کے کردار کسی نہ کسی شکل میں آج بھی زندہ ہیں۔ موجودہ دور کے یزید امریکہ نے اسلامی جمہوریہ ایران پر حملے کے بعد جو پسپائی اپنے نام کی ہے، یہ بھی کربلا کے پیغام ہی کی تاثیر ہے۔

مولانا ضیاء الحسن نجفی نے کہا کہ محرم الحرام فرزند رسول کے عظیم کارناموں کی یاد کا مہینہ اور حق و باطل کی علامت ہے، اس وقت حسین ابن علی علیہم السلام حق کی علامت تھے اور ان کے سامنے یزید پلید باطل تھا، جبکہ معرکہ حق و باطل قیامت تک جاری و ساری رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیغامِ حسینی یہی ہے کہ جو بھی حق کے مقابلے میں آئے گا، وہ پاش پاش ہو جائے گا اور یقیناً آج کے دور میں حسینیت اور یزیدیت کو سمجھنا کوئی زیادہ مشکل نہیں؛ غزہ میں ہونے والے مظالم پر امت مسلمہ کی شرمناک خاموشی، اسرائیل امریکہ کے غزہ اور ایران پر حملے واضح کر رہے ہیں کہ حسینی کون ہے اور یزیدی کون؟

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha