حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد میں نویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس میں شیعہ علماء کونسل وفاقی علاقہ اسلام آباد کے سینیئر نائب صدر مملانا سید علی بنیامین نقوی، تصور عباس جاڑا، مولانا مہر فرحت حسین، مولانا اشفاق حسین مجتبائی، مولانا عمران علوی، مولانا مظہر حسین جوادی، مولانا جواد حسین مجتبائی، احمد علی طوری، سید افتخار حیدر نقوی اور ملک غضنفر عباس نے جلوس ہائے عزاء میں شرکت کی۔
سابقہ کئی سالوں کی طرح اس سال میں بھی شیعہ علماء کونسل وفاقی علاقہ اسلام آباد کی جانب سے نیاز و سبیل و میڈیکل کے کیمپ لگائے گئے، جس سے ہزاروں عزاداری مستفید ہوئے جبکہ شیعہ علماء کونسل وفاقی علاقہ اسلام آباد کے شعبۂ نشرو اشاعت کی جانب سے مرکزی جلوس کے روٹ پر آئمہ علیہم السلام، رہبر کبیر حضرت ایت اللہ العظمی سید خمینی رح، رہبر شہید اور رہبر معظم سید مجتبیٰ حسینی خامنہ و قائد ملت جعفریہ پاکستان کے فرامین پر مشتمل پینا فلیکس آویزاں کیے گئے۔
اس موقع پر عزاداروں سے ملاقاتیں اور جلوس کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر شیعہ علماء کونسل کے رہنماوں نے میڈیا کے نمائندوں اور مختلف تنظیموں کے ذمہ داران و اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کی عزاداری ہمیں اتحاد و اخوت کا درس دیتی ہے۔ پاکستان میں اتحاد بین المسلمین کے قیام میں قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کا بنیادی اور کلیدی کردار ہے جسے کسی بھی لحاظ سے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان میں اتحاد و وحدت اور اخوت و محبت کا درس دینا ہی دراصل حسینیت ہے اور امام حسین علیہ السلام کی قربانی کا حقیقی پیغام ہے؛ لہٰذا پاکستان کے تمام شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ امام عالی مقام کا پیغام سمجھیں اور سمجھنے کے بعد ہر انسان تک پہنچائیں۔
مرکزی جلوس میں ہزاروں عزاداروں نے شہدائے کربلا کی قربانی کا خراج عقیدت پیش کیا اور ماتمداری و نوحہ خوانی اور سینہ زنی کے ذریعے پرسہ پیش کیا۔









آپ کا تبصرہ