حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہر سال کی طرح اس سال بھی، برصغیر کے علماء و طلاب کی جانب سے قم المقدسہ کے مختلف مقامات پر ایام شہادتِ حسین (ع) کی مناسبت سے عشرۂ محرم الحرام کا عظیم الشان انعقاد کیا گیا۔

ان مجالسِ عزاء سے مختلف ممتاز علماء نے خطاب کرتے ہوئے قیام کربلا، اہداف ومقاصد قیام امام حسین علیہ السّلام، تحریکِ عاشوراء اور جدید اسلامی تحاریک کے مابین فرق اور مماثلت پر روشنی ڈالی۔
مقررین نے سید الشہداءؑ حضرت امام حسین علیہ السّلام کی عظیم قربانی کے تناظر میں امت مسلمہ کے اتحاد و وحدت پر زور دیا۔

مقررین نے شہید امت آیت الله العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای کی امت مسلمہ کے لیے خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
عشرۂ محرم الحرام کے سلسلے میں طلاب و علمائے بلتستان پاکستان کا مرکزی عشرہ حسینیہ بلتستانیہ میں منعقد ہوا۔
ہیئت سید الشہداء العالمیہ کے تحت عشرۂ محرم الحرام کا انعقاد، مدرسہ امام کاظم علیہ السّلام میں ہوا۔
ہیئت سید الشہداء العالمیہ (اُردو زبان) کے مرکزی عشرے سے پاکستان کے بزرگ عالم دین آیت الله غلام عباس رئیسی نے خطاب کیا؛ جبکہ ان مجالسِ عزاء میں برصغیر کے علماء و طلاب نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر ہیئت سید الشہداء العالمیہ کے مؤسس بزرگ عالم دین حجت الاسلام شیخ احمد نجفی عزادارانِ سید الشہداء کی خدمت میں پیش پیش رہے۔
قائدِ ملت جعفریہ پاکستان کے دفتر کے تحت عشرۂ محرم الحرام کا انعقاد، حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے اندر موجود مسجد اعظم میں ہوا۔
کارگل ہندوستان کے طلاب و علمائے کرام کی جانب سے عشرۂ محرم الحرام کی مجالسِ عزاء، امام خمینی میموریل ٹرسٹ امام بارگاہ میں منعقد ہوئیں۔

طلاب ہندوستان کے تحت عشرۂ محرم الحرام کی مجالسِ عزاء نمازِ ظہرین کے بعد مسجد اعظم (حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا) میں منعقد ہوئیں؛ ان مجالس سے مختلف خطباء نے خطاب کیا اور عزاداری کی اہمیّت وغیرہ پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
علاوہ ازیں طلاب ہندوستان کی مختلف انجمنوں کی جانب سے مختلف مقامات پر عشرۂ مجالسِ عزاء کا پروقار اہتمام ہوا۔
محرم الحرام کے سلسلے میں جوامع روحانیت پاکستان سندھ، پنجاب، بلوچستان گلگت اور خیبر پختونخوا کے تحت بھی اپنی اپنی امام بارگاہوں میں مجالسِ عزاء منعقد ہوئیں۔

برصغیر کے طلاب و علمائے کرام کی جانب سے تاسوعا اور عاشوراء کی مناسبت سے عظیم الشان جلوس بھی نکالا گیا۔
برصغیر کے طلاب و علمائے کرام نے مجالسِ عزاء کے دوران، شہید رہبرِ انقلابِ اسلامی کی عظیم خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا؛ جبکہ نئے رہبرِ انقلابِ اسلامی آیت الله سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای سے تجدیدِ عہد کیا۔
اس موقع پر سبیلیں اور نذر و نیاز کے موکب بھی لگائے گئے۔

موکب میں موسم گرما کی شدت کے پیشِ نظر ٹھنڈے مشروبات کا اہتمام کیا گیا۔










آپ کا تبصرہ