حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ سید محمد سعیدی نے قم المقدسہ میں نماز جمعہ کے خطبوں میں کہا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے نئے تعلیمی سال کے آغاز پر اپنے پیغام میں نوجوانوں کو ایران کے مستقبل کی تعمیر کے لیے علم حاصل کرنے، اپنی شناخت برقرار رکھنے اور ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنے کی ذمہ داری کی طرف متوجہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ علم اس وقت حقیقی طاقت بنتا ہے جب اس کے ساتھ اخلاق بھی ہو۔ اخلاق سے عاری علم انسانیت کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے، جبکہ علم اور اخلاق کا امتزاج معاشرے کی تعمیر اور دشمنوں کے مقابلے میں مضبوط رکاوٹ بن سکتا ہے۔
صدر پزشکیان کی تقریر قابلِ تحسین ہے
آیت اللہ سعیدی نے اقوام متحدہ میں صدر پزشکیان کی تقریر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایران کے خلاف لگائے گئے الزامات کا جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ ایران دہشت گرد نہیں بلکہ دہشت گردی کا شکار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر ایران نے اپنی تقریر میں محض سفارتی انداز اختیار کرنے کے بجائے دستاویزات اور شواہد کے ساتھ ایرانی قوم کا مؤقف پیش کیا۔
انہوں نے صدر پزشکیان کے اس بیان کو بھی اہم قرار دیا کہ اسرائیل کے پاس ایٹم بم موجود ہے، لیکن جوہری معائنہ کار ایران میں موجود ہیں۔ ان کے مطابق یہ تقریر ایرانی قوم کے ان تجربات اور اس کے مزاحمت کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
دفاع مقدس کا سبق مزاحمت ہے
امام جمعہ قم نے ہفتۂ دفاع مقدس کی مناسبت سے کہا کہ آٹھ سالہ دفاع مقدس اور حالیہ جنگوں کے تجربات سے واضح ہوتا ہے کہ دشمن اور جنگ کے طریقے بدل سکتے ہیں، لیکن ایران کی آزادی، عزت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے عوام کا عزم برقرار رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کا میدان اور طریقہ بدل گیا ہے، تاہم دشمنوں کی سازشیں ختم نہیں ہوئی ہیں۔
آیت اللہ سعیدی نے بے حجابی کو شرعی اور سیاسی مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نادانستہ طور پر اس عمل میں ملوث افراد کو مناسب طریقے سے آگاہ کیا جانا چاہیے، جبکہ ان کے مطابق جو لوگ جان بوجھ کر قومی سلامتی کو نقصان پہنچاتے ہیں، ان کے ساتھ قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جانا چاہیے۔
انہوں نے آیت اللہ العظمیٰ سید موسیٰ شبیری زنجانی کے انتقال پر رہبر معظم انقلاب کے تعزیتی پیغام کا ذکر کرتے ہوئے مرحوم مرجع تقلید کی علمی، تحقیقی اور گہری نظر رکھنے والی شخصیت کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے سید حسن نصر اللہ کی شہادت کی برسی کے حوالے سے کہا کہ مزاحمت ایک شخص تک محدود نہیں بلکہ ایک راستہ اور مکتب ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
قرآن کی کثرت سے تلاوت کی تاکید
آیت اللہ سعیدی نے خطبہ اول میں تقویٰ کی تقویت کے لیے اللہ کو کثرت سے یاد کرنے، موت کو یاد رکھنے، قرآن کی زیادہ تلاوت اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر کثرت سے درود بھیجنے کی تاکید کی۔
انہوں نے سورۂ فتح کی آیت «مُحَمَّدٌ رَسُولُ اللَّهِ وَالَّذِینَ مَعَهُ» کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ ہونے سے مراد صرف ظاہری یا تاریخی ساتھ نہیں، بلکہ ایمان، اخلاق، عقیدہ اور عمل میں آپؐ کی پیروی ہے۔ ان کے مطابق جو معاشرہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رسالت کو اپنی فکری اور عملی بنیاد بناتا ہے، وہ اختلافات سے نکل کر وحدت کی طرف بڑھ سکتا ہے۔









آپ کا تبصرہ