اتوار 27 ستمبر 2026 - 21:16
معصومین علیہم السّلام کی زیارات اعزاز ہیں، علامہ مقصود علی ڈومکی

حوزہ/علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیارات سے واپسی پر مختلف مکاتبِ فکر کی شخصیات نے ان سے ملاقات اور زیاراتِ مقدسہ سے واپسی پر مبارک باد پیش کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی سے مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی مذہبی، سیاسی، سماجی اور قومی شخصیات نے جامعہ خاتم النبیینؐ پہنچ کر ملاقات کی اور انہیں زیاراتِ مقدسہ سے واپسی پر مبارکباد پیش کی۔

اس موقع پر مہمانوں نے علامہ مقصود علی ڈومکی کو پھولوں کے ہار پہنائے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

معصومین علیہم السّلام کی زیارات اعزاز ہیں، علامہ مقصود علی ڈومکی

ملاقات میں آل ڈومکی اتحاد پاکستان کے وائس چیئرمین حاجی شاھمراد خان ڈومکی، ضلعی صدر منصب علی خان ڈومکی، بخت علی ٹالانی امام بخش خان ڈومکی یوتھ ونگ کے ضلعی صدر میر مظفر ٹالانی، ضلعی صدر جمیل احمد ٹالانی، مجلس وحدت مسلمین یوتھ ونگ کے مرکزی جنرل سیکرٹری برادر اللہ بخش سجادی، مجلس علمائے مکتب اہل بیتؑ کے ضلعی صدر علامہ سیف علی ڈومکی، ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی جنرل سیکرٹری استاد خادم حسین برڑو، سید وسیم شاہ جمہوری وطن پارٹی کے رہنما علی شیر لغاری شیر محمد گوپانگ سمندر خان ڈومکی اور دیگر شخصیات موجود تھیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے حالیہ مشکل حالات میں جس صبر استقامت، شجاعت اور حوصلے کے ساتھ اسرائیلی و امریکی جارحیت کا مقابلہ کیا، وہ اقوامِ عالم کے لیے ایک اہم سبق ہے۔ ایرانی قوم نے ثابت کیا کہ قومی وحدت، ایمان، استقلال اور استقامت کے ذریعے بڑے سے بڑے چیلنج کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔

معصومین علیہم السّلام کی زیارات اعزاز ہیں، علامہ مقصود علی ڈومکی

انہوں نے کہا کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد مجلسِ خبرگان نے آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کو رہبرِ انقلاب اسلامی منتخب کیا۔ ایسے مشکل اور حساس حالات میں ایک عالمِ دین، متقی، مجاہد اور باکردار رہبر کا انتخاب کسی بھی قوم کے لیے اہم مرحلہ ہوتا ہے۔ ایران کی قوم نے اس مشکل وقت اور آزمائش کی گھڑی میں بھی اپنے نظام اور قیادت کے ساتھ مکمل وفا اور وابستگی کا اظہار کیا۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ انقلابِ اسلامی کے خلاف روزِ اول سے امریکہ، اسرائیل اور ان کے ایجنٹوں کی جانب سے زہر آلود پروپیگنڈہ کیا گیا۔ امام خمینیؒ، انقلابِ اسلامی اور مزاحمتی تحریکوں کے خلاف مسلسل پروپیگنڈا کیا گیا، لیکن راہِ حق کے شہداء نے اپنے پاکیزہ کردار اور بے مثال قربانیوں سے دشمن کے زہر آلود پروپیگنڈے کو خاک میں ملا دیا۔

انہوں نے کہا کہ شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای، شہید سید حسن نصراللہ، شہید اسماعیل ہنیہ، شہید یحییٰ سنوار اور دیگر شہدائے مقاومت نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے مظلوم فلسطین اور عالمِ اسلام کے حق میں اپنی جدوجہد کو تاریخ کا حصہ بنا دیا۔ ان شہداء کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے حریت، عزیمت اور استقامت کا پیغام ہیں۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف امریکہ کی حالیہ پابندیاں قابلِ مذمت ہیں۔ بالخصوص ایرانی فضائی شعبے کے خلاف امریکہ کی حالیہ پابندیوں میں ایرانی ایئرلائنز اور ان سے متعلقہ اداروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ امریکی محکمۂ خزانہ نے 8 ستمبر 2026 کو ایران کے فضائی شعبے سے متعلق 36 اہداف پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کو چاہیے کہ وہ امریکی دباؤ اور غلامی کی پالیسیوں سے نکلیں، اپنے برادر اسلامی ملک ایران کے خلاف یک طرفہ پابندیوں کی مخالفت کریں اور آزاد خارجہ پالیسی اختیار کریں۔ اسلامی دنیا کو باہمی تعاون، اتحاد اور خودمختاری کے اصولوں پر آگے بڑھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ امتِ مسلمہ کو اس وقت باہمی اختلافات سے بالاتر ہوکر فلسطین، لبنان، یمن اور دیگر مظلوم اقوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے۔ اسلامی ممالک اگر متحد ہوکر اپنے سیاسی، معاشی اور سفارتی وسائل کو استعمال کریں تو عالمی سطح پر ایک مؤثر اور باوقار کردار ادا کرسکتے ہیں۔

ملاقات کے اختتام پر شرکاء نے علامہ مقصود علی ڈومکی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں زیاراتِ مقدسہ کی حاضری کی مبارکباد پیش کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha