حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد حزبِ اختلاف سینیٹ و چیئرمین مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایمز سکول اینڈ کالج اسلام آباد کا دورہ کیا؛ جہاں انہوں نے ’’سائنس اور اسلام‘‘ کے موضوع پر منعقدہ ایک علمی و فکری سیشن میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت اور خصوصی خطاب کیا۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سائنس اور اسلام کے باہمی تعلق، جدید سائنسی ترقی میں مسلم مفکرین کے کردار اور نوجوان نسل کی علمی و تحقیقی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے طلبہ و طالبات کو علم، تحقیق، اخلاق اور کردار سازی کو اپنی زندگی کا شعار بنانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اسلام علم و آگہی کا دین ہے جو انسان کو کائنات میں غور و فکر اور تحقیق کی دعوت دیتا ہے۔

اس موقع پر اساتذہ کرام، طلبہ و طالبات اور تعلیمی شعبے سے وابستہ افراد کی کثیر تعداد موجود تھی۔ شرکاء نے سیشن میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔
سیشن کے اختتام پر ایمز سکول اینڈ کالج کی انتظامیہ کی جانب سے سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی علمی، تعلیمی اور قومی خدمات کے اعتراف میں انہیں اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

انتظامیہ نے ان کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے طلبہ کے لیے ان کے خطاب کو نہایت مفید اور رہنمائی کا ذریعہ قرار دیا۔










آپ کا تبصرہ