حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ انجمنِ حسینیہ خواجگان نارووالی لاہور کے زیرِ اہتمام قومی مرکز خواجگان شاہ جمال فیز 2 میں جدید سہولیات سے آراستہ حسینیہ آڈیٹوریم کا افتتاح 27 ستمبر 2026ء کو کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں انجمن کے عہدیداران، علماء کرام، معززینِ قوم، سماجی و فکری شخصیات اور منصوبے کی تکمیل میں تعاون کرنے والے افراد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجمنِ حسینیہ خواجگان نارووالی لاہور کے صدر الحاج محمد باقر جاوا نے کہا کہ انجمن اپنے افرادِ قوم کے تعاون اور سرپرستی سے ملت کی ترقی، فلاح و بہبود اور دورِ جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ منصوبوں کی تکمیل کو اپنی ذمہ داری اور سعادت سمجھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حسینیہ آڈیٹوریم کا مقصد محض ایک عمارت کا قیام نہیں بلکہ نوجوان نسل کی علمی، دینی، فکری اور اخلاقی تربیت کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ ان کے بقول انجمن ایسے باشعور اور باکردار حسینی معاشرے کی تشکیل کے لیے کوشاں ہے جو علم، خدمت، اخلاص اور دینی شعور سے آراستہ ہو اور ظہورِ امام مہدیؑ کی تمہید میں اپنا کردار ادا کرسکے۔

الحاج محمد باقر جاوا نے کہا کہ قومی مرکز خواجگان سے شروع کیے جانے والے تعلیمی، تربیتی، فکری اور فلاحی منصوبے ’’روشن مستقبل کی طرف ایک قدم اور‘‘ کے عزم کو عملی شکل دینے میں معاون ثابت ہوں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خانۂ فرہنگِ اسلامی جمہوریہ ایران کے ڈائریکٹر جنرل آغائے اصغر مسعودی نے خواجگان برادری اور انجمنِ حسینیہ خواجگان کو حسینیہ آڈیٹوریم کے قیام پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی مرکز خواجگان سے جاری ہونے والے مختلف منصوبے اتحاد بین المسلمین کے فروغ اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔

اس موقع پر علامہ سید علی رضا نقوی، فرمان نجفی اور علامہ افضل حیدری نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے انجمنِ حسینیہ خواجگان کی خدمات کو سراہتے ہوئے خواجگان برادری میں تقویٰ، خدمتِ خلق اور اللہ کی راہ میں خرچ کرنے کے جذبے کو قابلِ قدر قرار دیا۔ انہوں نے حسینیہ آڈیٹوریم کو نوجوان نسل کی فکری، دینی اور اخلاقی تربیت کے لیے ایک اہم مرکز قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر حسینیہ آڈیٹوریم کی تعمیر و تکمیل میں عملی اور مالی تعاون کرنے والے افراد کی خدمات کے اعتراف میں انہیں اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔

شرکاء نے حسینیہ آڈیٹوریم کے قیام کو انجمنِ حسینیہ خواجگان نارووالی لاہور کی ادارہ سازی، تعلیم و تربیت اور قومی خدمت کے سفر میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
قومی مرکز خواجگان شاہ جمال فیز 2 میں قائم ہونے والا حسینیہ آڈیٹوریم آئندہ علمی، فکری، تربیتی اور قومی سرگرمیوں کے لیے ایک نئے پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔










آپ کا تبصرہ