پیر 28 ستمبر 2026 - 23:55
مولانا خادم حسین گھاگھری کے انتقال پر حوزہ علمیہ جامعہ المنتظر لاہور کی تعزیت

حوزہ / خطیبِ اہل بیتؑ، مداحِ آلِ محمدؑ اور حوزہ علمیہ جامعہ المنتظر لاہور کے فارغ التحصیل بزرگ عالمِ دین مولانا خادم حسین گھاگھری بقضائے الٰہی انتقال کر گئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مولانا خادم حسین گھاگھری کی وفات پر حوزہ علمیہ جامعہ المنتظر لاہور کے اساتذہ، طلبہ اور وابستگان نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ مرحوم نے اپنی پوری زندگی تعلیماتِ اہل بیتؑ کی ترویج، تبلیغِ دین اور پیغامِ کربلا کو عام کرنے میں صرف کی۔

حوزہ علمیہ جامعہ المنتظر لاہور کی جانب سے جاری تعزیتی بیان میں کہا گیا ہے کہ مولانا خادم حسین گھاگھری مادرِ علمی حوزہ علمیہ جامعہ المنتظر لاہور کے ابتدائی طلبہ میں شامل تھے۔ انہوں نے دینی تعلیم حاصل کرنے کے بعد عملی میدان میں بھی تبلیغِ دین اور خدمتِ مکتب اہل بیتؑ کو اپنا شعار بنائے رکھا۔

بیان میں مرحوم کی دینی و تبلیغی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان کی وفات ایک علمی و تبلیغی شخصیت سے محرومی ہے، جبکہ مرحوم کی دینی خدمات اور پیغامِ کربلا کی ترویج کے لیے ان کی جدوجہد قابلِ قدر ہے۔

حوزہ علمیہ جامعہ المنتظر لاہور کے پرنسپل، مدرسین اور اراکین نے مولانا خادم حسین گھاگھری کے اہل خانہ سے دلی تعزیت و تسلیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ رب العزت مرحوم کی دینی و تبلیغی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے، انہیں جوارِ رحمتِ الٰہی میں جگہ عطا کرے اور پسماندگان و سوگواران کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha