منگل 29 ستمبر 2026 - 11:30
ارجنٹائن میں مسلمان مکتب اہل بیتؑ اور تحریک حسینی کے بارے میں جاننے کے خواہاں ہیں: الکرباسی

حوزہ/ آیت اللہ محمد صادق محمد الکرباسی نے کہا کہ ارجنٹائن میں مسلمان اور شیعہ برادری مکتب اہل بیت علیہم السلام اور تحریک حسینی کے بارے میں علمی معلومات حاصل کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دائرة المعارف الحسینیہ کے مؤلف اور لندن میں مرکز مطالعات حسینی کے سربراہ آیت اللہ شیخ محمد صادق محمد الکرباسی نے لاطینی امریکہ کے حالیہ دورے کے دوران ارجنٹائن کی مسلم اور شیعہ برادریوں کی دینی و علمی سرگرمیوں اور مکتب اہل بیت علیہم السلام سے ان کی گہری دلچسپی کا ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں مختلف اسلامی مراکز اور حسینیہ کا دورہ کیا اور شیعہ و مسلم برادری کے افراد سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں سے معلوم ہوا کہ وہاں دینی، ثقافتی اور بالخصوص تحریک حسینی کو سمجھنے کے حوالے سے غیر معمولی شوق پایا جاتا ہے۔

آیت اللہ الکرباسی نے بتایا کہ بیونس آئرس میں ایک اسلامی قبرستان بھی ہے جہاں اہل سنت، شیعہ اور علوی مسلمانوں کی قبریں موجود ہیں اور اس کا انتظام شیعہ افراد کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہاں شام اور لبنان سے تعلق رکھنے والے خاندان بھی آباد ہیں، جن میں بعض خاندانوں کی ہجرت کی تاریخ سلطنت عثمانیہ کے دور تک پہنچتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سفر کے دوران سب سے زیادہ جس چیز نے انہیں متاثر کیا، وہ لوگوں کے سوالات کی کثرت اور تنوع تھا۔ ان کے بقول، لوگ دن رات تحریک حسینی کے بارے میں جاننے کے لیے بے تاب ہیں اور ان کے سوالات صرف ایک موضوع تک محدود نہیں بلکہ اسلامی، اعتقادی، علمی اور مختلف علوم سے متعلق بھی ہیں۔

آیت اللہ الکرباسی نے بتایا کہ بیونس آئرس میں شیخ عبدالکریم کاظم، شیخ عبداللہ اور شیخ محسن دینی خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ شیخ فیصل ’’سان میگل دے توکومان‘‘ شہر میں سرگرم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دائرة المعارف الحسینیہ نے وہاں کے مسلمانوں میں خاصی دلچسپی پیدا کی اور لوگ اس کے وسیع علمی ذخیرے اور متعدد جلدوں پر مشتمل ہونے پر حیران ہوئے۔ ان کے مطابق، اس سے اسلامی معاشرے میں علما اور علمی مراکز سے براہ راست علمی رابطے کی ضرورت بھی واضح ہوتی ہے۔

آیت اللہ الکرباسی نے کہا کہ بعض افراد فلسطین کے حوالے سے اپنی وابستگی کا اظہار کرتے ہیں، جبکہ کچھ افراد اسلامی جمہوریہ ایران کے انقلاب کے لیے اپنی حمایت اور کامیابی کی دعا کا بھی اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان افراد میں عالمی واقعات کو اصل ذرائع سے سمجھنے اور علمی و دینی معلومات براہ راست حاصل کرنے کی خواہش پائی جاتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کا لاطینی امریکہ کا دورہ جاری رہے گا اور آئندہ مرحلے میں برازیل میں دو ہفتے قیام کرکے وہاں کے اسلامی مراکز اور مسلمانوں اور پیروان اہل بیت علیہم السلام سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha