حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمن شرعی شیعیان دارالمصطفیٰ کے زیر اہتمام قدیمی امام بارگاہ حسن آباد سری نگر میں منعقدہ نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام مولانا سید محمد حسین موسوی صفوی نے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں حقوق زوجین، نماز کی اہمیت، خاندانی ذمہ داریوں اور دشمن کے مقابل اجتماعی بیداری و استقامت کی ضرورت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
مولانا سید محمد صفوی نے کہا کہ اسلام نے ازدواجی زندگی کو محض ایک سماجی رشتے کے بجائے حقوق و فرائض پر قائم ایک ذمہ دارانہ نظام قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیوی پر شوہر کے واجب شرعی حقوق کی رعایت، ازدواجی حقوق کی شرعی حدود میں ادائیگی، وفاداری و عفت، شوہر کے اسرار اور عزت و آبرو کا تحفظ، احترام و خوش اخلاقی، مالی امانت داری اور خاندانی معاملات میں تعاون اہم ذمہ داریاں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کی تربیت میں باہمی تعاون، گھر کے ماحول میں سکون و اطمینان برقرار رکھنا اور ایک دوسرے کے ساتھ صبر، عفو و درگزر اور مدارا کا رویہ اختیار کرنا ایک مضبوط اور پُرسکون خاندان کی بنیاد ہے۔
خطبۂ جمعہ کے دوسرے حصے میں نماز کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے مولانا سید محمد صفوی نے کہا کہ نماز محض چند حرکات و اذکار کا نام نہیں بلکہ انسان کی اپنے پروردگار کے سامنے بندگی اور اس کے ساتھ روحانی تعلق کا عملی اظہار ہے۔ انہوں نے قرآن کریم کی جانب سے نماز کو ضائع کرنے کے حوالے سے دی گئی تنبیہ اور اہل بیت ؑ کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نماز کو زندگی میں ثانوی حیثیت دینا انسان کے دینی شعور کو کمزور کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نماز کو محض ایک رسمی یا جبری فریضے کے بجائے اللہ تعالیٰ سے قلبی تعلق اور روحانی ملاقات کی صورت میں ادا کیا جائے اور اسے وقت پر، اطمینان، خشوع اور معرفت کے ساتھ قائم کیا جائے، کیونکہ نماز کی سنجیدہ پابندی انسان کے اندر تقویٰ اور عملی اصلاح کی بنیاد مضبوط کرتی ہے۔
مولانا سید محمد صفوی نے دشمن کی سازشوں اور چیلنجوں کے تناظر میں اجتماعی بیداری، ہوشیاری اور استقامت کو بھی دینی و اجتماعی ذمہ داری قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کے مقابلے میں بنیادی تقاضا یہ ہے کہ عوام اپنی صفوں میں اتحاد و یکجہتی برقرار رکھیں، ہر قسم کی سازش اور منفی پروپیگنڈے کے مقابل ہوشیار رہیں اور معاشرے میں علم، خود اعتمادی، نظم و ضبط، باہمی تعاون اور داخلی صلاحیتوں کو مضبوط بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ دینی شعور، اخلاقی استحکام اور اجتماعی ذمہ داری ہی وہ عناصر ہیں جو معاشرے کو بیرونی دباؤ اور مختلف چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مضبوط بناتے ہvیں۔










آپ کا تبصرہ