حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لیہ/ لیہ جنوب پنجاب پاکستان میں مرکزی اجتماع نماز جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر اور خطیب جمعہ علامہ سید عامر عباس ہمدانی نے تقویٰ و پرہیزگاری کو آخرت میں کامیابی کی ضمانت قرار دیتے ہوئے مومنین کو تقویٰ اختیار کرنے کی تلقین کی۔

خطبہ جمعہ کے آغاز میں علامہ سید عامر عباس ہمدانی نے کہا کہ وہ اپنے آپ کو اور تمام مومنین کو تقویٰ کی تلقین کرتے ہیں، کیونکہ تقویٰ و پرہیزگاری ہی آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سب کو تقویٰ اختیار کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ دنیائے کفر اس وقت مذہبِ اہل بیتؑ سے خوف زدہ ہے اور اس کی وجوہات بھی ہیں، کیونکہ اس مذہب کے پیروکار اپنے عقیدۂ توحید اور اسلامی نقطۂ نظر پر مضبوطی سے کاربند ہیں۔
علامہ سید عامر عباس ہمدانی نے کہا کہ ناصبیت کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کے بقول ناصبی کل بھی اسلام اور امیرالمومنین حضرت علی ابن ابی طالبؑ کے دشمن تھے اور آج بھی اسلام اور اسلامی تہذیب کے دشمن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم اہل بیتؑ سے دشمنی پر روتے ہوئے امت سے سوال کرتے تھے کہ کیا ہوگیا ہے اس امت کو کہ جب ان کے سامنے حضرت ابراہیمؑ اور ان کی آل کا ذکر کیا جاتا ہے تو لوگ خوش ہوتے ہیں، لیکن جب حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم اور ان کی آل کا نام آتا ہے تو ان کے چہرے بدل جاتے ہیں۔
خطیب جمعہ نے کہا کہ مکتب تشیع کے پیروکار مستقل مزاج اور انتہائی وفادار ہیں اور اسی وجہ سے دشمن کی نظریں ہمیشہ اس مکتب کے پیروکاروں کی طرف رہی ہیں، تاہم اس مکتب کے ہیروز نے ہمیشہ دشمنانِ اسلام کے دانت کھٹے کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشرکین نے رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم سے یہ درخواست کی تھی کہ آپ اور ہم مل کر عبادت کر لیتے ہیں، ایک دن ہم اپنے بتوں کی پرستش کریں گے اور ایک دن آپ اپنے خدا کی عبادت کریں، تاہم رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم نے واضح کردیا کہ ایسا ممکن نہیں۔
علامہ سید عامر عباس ہمدانی نے عقیدۂ توحید کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کا اقرار ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چار امور میں اللہ تعالیٰ کو وحدہٗ لاشریک ماننا ضروری ہے، اللہ تعالیٰ اپنی ذات میں یکتا ہے اور عبادت کے لائق صرف اسی کی ذات ہے۔

انہوں نے کہا کہ لا الٰہ الا اللہ کا مطلب ہے کہ سب کچھ اللہ تعالیٰ کے لیے ہے، اس کے سوا نہ کوئی مالک ہے، نہ کوئی خالق اور نہ رازق، وہی وحدہٗ لاشریک ذات ہے۔
خطیب جمعہ نے کہا کہ مرکزِ کائنات اللہ تعالیٰ ہے اور خدا تک پہنچنے کا ذریعہ محمد و آلِ محمدؑ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا علم ذاتی ہے، جبکہ محمد و آلِ محمدؑ کو اللہ تعالیٰ نے تعلیم دے کر اس دنیا میں بھیجا، یہ امتیاز اہل تشیع کو حاصل ہے کہ ان کے ائمۂ معصومینؑ دیگر ائمہ کے استاد ہیں۔

خطبہ جمعہ کے اختتام پر علامہ سید عامر عباس ہمدانی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بحق محمد و آل محمدؑ امریکہ اور اسرائیل کو نیست و نابود کرے اور مظلومینِ جہاں کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔










آپ کا تبصرہ