حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان کے مجاہد سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ نعیم قاسم نے سید حسن نصر اللہ اور سید ہاشم صفی الدین قدس سرہما کی دوسری برسی کی مناسبت سے منعقدہ مراسم میں شرکت کے لیے لبنان جانے والے حوزہ علمیہ کے وفد کے نام ایک خط ارسال کرتے ہوئے حوزہ علمیہ، مدیر، علما، معاونین اور تمام طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔
حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ نعیم قاسم نے اپنے پیغام میں کہا: اسلام ناب محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، خط ولایت اور امام راحل قدس اللہ نفسہ اور امام شہید قدس سرہ کی رہبری کی راہ پر گامزن ہونا، حزب اللہ اور حوزاتِ علمیہ کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑنے کی مشترکہ بنیاد ہے۔ آج بھی جهاد، مقاومت، شہادت اور ایثار و فداکاری کے راستے پر ولی امر حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای دام ظلہ کی قیادت میں گامزن رہنا، عظیم شہداء کی شہادت کے بعد ہم اور آپ کے درمیان مشترکہ نقطۂ نظر ہے۔
حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نے سید حسن نصر اللہ قدس سرہ کی شہادت کے بعد ہونے والی حالیہ جنگ اور امام شہید قدس سرہ کی شہادت کے بعد ہونے والی جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا: حزب اللہ نے صہیونی حکومت کے اس سرطانی غدود کے خلاف، جس نے ہر طرح کے جرائم اور وحشیانہ اقدامات کا ارتکاب کیا اور اس کے پیچھے موجود امریکی طاغوت کے خلاف دو سال تک ہمہ گیر جنگ لڑی۔ حزب اللہ نے امام حسین علیہ السلام اور حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی پیروی کرتے ہوئے استقامت اور مقاومت کا مظاہرہ کیا اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے دشمنوں کے منصوبوں کو ناکام بنانے میں کامیاب رہا۔ وہ سربلند اور باعزت ہو کر اسی راستے پر اپنا سفر جاری رکھے گا۔
شیخ نعیم قاسم نے جمہوریہ اسلامی ایران کی مکمل فتح کی امید ظاہر کرتے ہوئے مزید کہا: ایرانی عوام، مسلح افواج، حکومتی ذمہ داران اور بالخصوص امام شہید، ان کے اہل خانہ، تمام مجاہدین، علما اور کمانڈروں نے اپنی پوری قوت کے ساتھ مقاومت کی اور پہاڑ کی طرح ڈٹے رہے؛ «وکان حقا علینا نصر المومنین».
حزب اللہ سیکرٹری جنرل نے کہا: حزب اللہ ثابت قدمی اور صبر کے ساتھ اس راستے پر اپنا سفر جاری رکھے گی۔ کوئی طاقت حزب اللہ کو متزلزل نہیں کر سکتی اور اللہ تعالیٰ کی معیت میں ہدایت، توفیق اور کامیابی کے سوا کچھ نہیں ہو گا۔










آپ کا تبصرہ