حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد حزب اختلاف سینیٹ و چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے حماس کے رہنما شیخ ڈاکٹر مروان محمد ابو راس نے جامعہ الولایہ اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران خطے اور عالمی سطح پر بدلتی ہوئی صورتحال، بالخصوص فلسطین اور غزہ کی مظلوم عوام پر جاری اسرائیلی جارحیت، سنگین انسانی بحران اور فلسطینی عوام کی جدوجہد کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر فلسطینی عوام کو درپیش مشکلات، ان کے بنیادی و جائز حقوق اور مسئلہ فلسطین کے حوالے سے عالمی برادری کی ذمہ داریوں پر بھی گفتگو ہوئی۔

شرکائے ملاقات نے فلسطینی عوام کی حمایت، ان کے ساتھ عملی یکجہتی اور ان کے جائز حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں صدر مجلس علمائے مکتب اہل بیت (ع) علامہ سید حسنین عباس گردیزی، پرنسپل جامعہ الولایہ علامہ سید علی محمد نقوی، ڈاکٹر شبیر سعیدی، ڈاکٹر یونس حیدری، مولانا علی شیر انصاری، مولانا زاہد زاہدی، مولانا ثمر عباس اور ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان اخونزادہ حسین احمد یوسفزئی بھی موجود تھے۔
قابل ذکر ہے کہ شیخ ڈاکٹر مروان محمد ابو راس معروف فلسطینی عالم دین، غزہ کے سابق رکن پارلیمان، فلسطینی قانون ساز کونسل کے رکن اور القدس و فلسطین کمیٹی کے سربراہ ہیں۔










آپ کا تبصرہ