حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ سید احمد خاتمی نے نماز جمعہ تہران کے خطبوں میں کہا کہ اللہ پر بھروسہ حق کے محاذ کی بڑی طاقت ہے۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے فرعون کے مقابلے میں اپنی قوم کو اللہ پر توکل کرنے کی نصیحت کی تھی۔ اسی طرح حضرت ہود علیہ السلام اور پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بھی دشمنوں کے مقابلے میں اللہ پر اعتماد اور بھروسے کا درس دیا۔
انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی کی کامیابی اور گزشتہ ۴۷ برسوں میں اس کے آگے بڑھنے میں بھی اللہ پر توکل کا اہم کردار رہا ہے۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا کے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ معاشرے میں اللہ پر بھروسے اور اس کے وعدوں پر یقین کے جذبے کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
خطیب نماز جمعہ تہران نے جنگ احد کے بعد پیش آنے والے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ غزوہ حمراء الاسد میں زخمی ہونے کے باوجود مسلمانوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حکم پر میدان میں حاضری دی۔ ان کے پختہ ایمان اور حوصلے کو دیکھ کر ابوسفیان نے دوبارہ مقابلے سے پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ایران کے مسلح افواج کے اہلکار بھی اسی ایمان، جذبے اور عزم کے ساتھ ملک کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔
امریکہ مخالف مظاہرے اور سیاسی ناکامیاں
آیت اللہ سید احمد خاتمی نے 13 آبان کو ایران کے 900 شہروں میں ہونے والی ریلیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر عوام نے امریکہ مخالف نعرے لگائے۔ ان کے مطابق امریکہ کے خلاف ایرانی قوم کا یہ موقف دینی اور قرآنی تعلیمات پر مبنی ہے، کیونکہ قرآن ظلم و فساد اور جھوٹ کی مخالفت کرتا ہے۔
انہوں نے امریکہ اور صہیونی حکومت کے سیاسی حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نتن یاہو حالیہ انتخابات میں دوبارہ حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ کامیابی حاصل نہیں کر سکے۔ اسی طرح امریکی انتخابات کے نتائج بھی ریپبلکن پارٹی کے لیے ناکامی کا سبب بنے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انتخابات میں حصہ لینے والے 74 فیصد ووٹروں نے ایران پر حملے اور جنگ کی مخالفت کی تھی۔
ولایت فقیہ انقلاب اسلامی کی کامیابیوں کا محور
خطیب نماز جمعہ تہران نے ولایت فقیہ کو انقلاب اسلامی کی کامیابیوں کا اہم سبب قرار دیتے ہوئے کہا کہ امام خمینیؒ نے ہمیشہ ولایت فقیہ کی حمایت پر زور دیا تھا اور آج بھی اس اصول کی حفاظت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمنوں کے مقابلے میں ملک کی طاقت بڑھانا اور ہر قسم کے دباؤ کے سامنے ڈٹے رہنا ہی مؤثر دفاعی حکمت عملی ہے۔ دشمن کے سامنے جھکنے سے اس کی ہمت بڑھے گی اور وہ مزید مطالبات کرے گا۔ اس لیے ضروری ہے کہ ایران اپنی قومی طاقت اور دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنائے۔
انہوں نے اپنے خطاب کے آخر میں کہا کہ امریکہ کے مقابلے میں انقلاب اسلامی کی کامیابیوں میں ولایت فقیہ کا بنیادی کردار رہا ہے اور موجودہ قیادت بھی امام خمینیؒ کے راستے کو آگے بڑھا رہی ہے۔










آپ کا تبصرہ