حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام والمسلمین کاظم صدیقی نے شہر ورامین میں مدرسہ امام صادق علیہ السلام میں ہفتہ بصیرت کی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خدا کی قدرت تمام طاقتوں پر حاوی ہے اور اگر انسان خدا کی قدرت پر یقین رکھے اور یہ جانے کہ وہ جہاں بھی جاتا ہے، خدا کی حکمرانی میں ہے، تو وہ بہت سی برائیوں سے اپنے آپ کو آلودہ ہونے سے بچائے رکھے گا۔
امام جمعہ تہران نے مزید کہا کہ اگر انسان خدا کے ساتھ ہو تو کوئی طاقت اسے ختم نہیں کر سکتی۔
انہوں نے انقلابِ اسلامی کی کامیابیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ بہترین اور امام زمانہ (ع) کے قریب ترین شخص وہ ہے جو ولی فقیہ کی حیثیت سے امام زمانہ علیہ السلام کی نیابت میں معاشرے کی ہدایت کا کردار ادا کرتا ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین صدیقی نے کہا کہ انقلابِ اسلامی سے پہلے ہمارے پاس، حوزہ علمیہ قم کے بانی مرحوم شیخ عبدالکریم حائری جیسے عظیم علماء تھے۔ رضا خان نے علماء اور حوزہ ہائے علمیہ کو تباہ کرنے کی کوشش کی اور مرجعیت اور علماء کی شان میں ہر طرح کی توہین کی اور کسی کو احتجاج کا حق نہ تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انقلابِ اسلامی سے پہلے مراجع کرام کو معاشرے میں موجود نمایاں برائیوں سے کسی کو روکنے کی اجازت نہیں تھی، لیکن آج انقلابِ اسلامی کی بدولت علماء کے پاس طاقت ہے۔
تہران کے امام جمعہ نے کہا کہ آج انقلابِ اسلامی کی برکت اور امام راحل اور رہبر معظم کے بے نظیر کردار کی بدولت اسلامی جمہوریہ ایران، بحیثیت شیعہ حکومت خطے کی پہلی طاقت ہے۔
انہوں نے 88کے فتنے کی طرف اشارہ کیا اور مزید کہا کہ فتنہ 88 میں بہت سے مذہبی لوگوں کا خیال تھا کہ انقلابِ اسلامی کا کام ختم ہو گیا ہے لیکن ولایت فقیہ کی برکت اور رہبرِ انقلاب کی دور اندیشی اور نمایاں کردار سے یہ سازش اور فتنے کو بھی ناکام بنایا گیا۔
حجت الاسلام والمسلمین صدیقی نے کہا کہ ولایت فقیہ انبیاء کی تحریک کا تسلسل اور امام زمانہ (ع) کے ظہور کا پیش خیمہ ہے اور دنیا تیزی سے ظہور کے نزدیک جا رہی ہے۔
انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران سے عالمی استکبار کے خوف کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ آج امریکہ اسلامی جمہوریہ ایران سے بطورِ خاص خوفزدہ ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت ور افواج نے، حزب اللہ لبنان کی مانند استکبار کے خوابوں کو چکنا چور کردیا ہے۔