پیر 9 نومبر 2026 - 13:53
غزہ میں تعلیمی نظام کی تباہی فلسطینی تاریخ اور قومی شناخت مٹانے کی کوشش ہے: فلسطینی دانشور

حوزہ/ فلسطینی ماہر سماجیات صبیح صبیح نے غزہ میں اسکولوں اور یونیورسٹیوں کی تباہی کو محض تعلیمی عمارتوں کی بربادی نہیں بلکہ فلسطینیوں کی تاریخ، قومی شناخت اور آزادانہ سوچ کو ختم کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ انہوں نے مغربی یونیورسٹیوں، بالخصوص فرانس کے علمی حلقوں کی خاموشی اور فلسطین میں اسرائیلی پالیسیوں پر تنقیدی بحث سے گریز پر بھی سوال اٹھائے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عرب و بحیرہ روم مطالعات کے ادارے (IREMAM) سے وابستہ محقق صبیح صبیح نے اپنی ایک تحریر میں غزہ کے تعلیمی نظام کی تباہی اور مغربی یونیورسٹیوں کے رویے کا جائزہ لیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر 2023ء کے بعد غزہ میں تعلیمی اداروں کو منظم انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ہزاروں طلبہ، اساتذہ اور یونیورسٹیوں سے وابستہ افراد شہید ہوئے، جبکہ تقریباً 6 لاکھ بچے تعلیم سے محروم ہوگئے۔

انہوں نے اس صورت حال کو صرف اسکولوں اور یونیورسٹیوں کی تباہی نہیں بلکہ علم، تحقیق اور آزادانہ فکر کو ختم کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق، فلسطینی تعلیمی ادارے اپنی تاریخ، قومی شناخت اور اجتماعی پہچان کو محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اسی لیے انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

صبیح صبیح نے غزہ کی جامعۃ الاسراء کی تباہی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے تقریباً 70 دن تک اس یونیورسٹی کے احاطے کو فوجی اڈے اور حراستی مرکز کے طور پر استعمال کیا۔ بعد ازاں 17 جنوری 2024ء کو اسے دھماکے سے تباہ کردیا گیا۔ اس سے پہلے یونیورسٹی کے عجائب گھر سے 3 ہزار سے زائد تاریخی نوادرات بھی لے لیے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی طلبہ کو طویل عرصے سے تعلیمی پابندیوں، گرفتاریوں اور مختلف رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ ان کے نزدیک فلسطینی یونیورسٹیوں کو کمزور کرنے کا مقصد فلسطینی قوم کی تاریخ اور اپنے مستقبل کے بارے میں آزادانہ سوچ کو متاثر کرنا ہے۔

اس فلسطینی محقق نے فرانس کے بعض علمی حلقوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ فلسطین کے مسئلے کو نوآبادیاتی نظام کے تناظر میں دیکھنے سے گریز کرتے ہیں۔ انہوں نے اسرائیلی یونیورسٹیوں کے ساتھ بعض مغربی اداروں کے تعلیمی تعاون پر بھی سوال اٹھائے۔

صبیح صبیح نے آخر میں اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹیوں کو سیاسی دباؤ سے آزاد ہوکر کام کرنا چاہیے اور اساتذہ و محققین کو فلسطین کے مسئلے پر کھل کر گفتگو کا موقع ملنا چاہیے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha