حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کربلائے معلٰی میں آیت اللہ سید محمد تقی مدرسی کے دفتر کی جانب سے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کی مناسبت سے مجلس عزا منعقد کی گئی، جس میں آیت اللہ مدرسی، علماء، فضلاء اور مؤمنین نے شرکت کی۔
اس مجلس سے حجۃ الاسلام والمسلمین سید حیدر قزوینی نے خطاب کیا۔ انہوں نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت اور آپ کی حیات مبارکہ میں پیش آنے والے مصائب کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ کی بعض کتابوں میں جان بوجھ کر ایسے حقائق کو نظر انداز کیا گیا، جن کی وجہ سے آپ کی مظلومیت کے کئی پہلو آنے والی نسلوں سے پوشیدہ رہ گئے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے اس حال میں شہادت پائی کہ آپ ان لوگوں سے ناراض تھیں جنہوں نے آپ کے اور امیرالمؤمنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے حقوق غصب کیے تھے۔ آپ نے اپنی وصیت میں تاکید کی تھی کہ آپ کو رات کے وقت دفن کیا جائے، تاکہ اہل مدینہ آپ کے جنازے میں شریک نہ ہو سکیں۔
حجۃ الاسلام والمسلمین قزوینی نے کہا کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی یہ وصیت آپ پر ہونے والے مظالم کی گہرائی اور اس واقعے کی تاریخی اہمیت کو واضح کرتی ہے۔ آپ کا رات کے وقت دفن ہونا تاریخ اسلام کا ایک اہم واقعہ ہے، جو آپ کی مظلومیت کی یاد دلاتا ہے۔
انہوں نے اس دور میں مدینہ کے لوگوں کے رویے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت معاشرہ تین گروہوں میں تقسیم ہو گیا تھا۔ ایک گروہ اہل بیت علیہم السلام کا حامی اور ان کی ولایت کا پابند تھا، دوسرا گروہ ان سے دشمنی رکھتا تھا، جبکہ تیسرا گروہ حق کو تنہا چھوڑ کر خاموشی اختیار کیے ہوئے تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان تینوں گروہوں کا طرز عمل تاریخ کے ایسے صفحات ہیں جو حق اور اہل حق کے مقابلے میں لوگوں کے مختلف کرداروں کو نمایاں کرتے ہیں۔










آپ کا تبصرہ