اتوار 15 نومبر 2026 - 21:27
اللہ تعالیٰ ہر مرحلے پر بندے کی ظرفیت کے مطابق عطا کرتا ہے، یہاں تک کہ عطا اپنے کمال کو پہنچ جاتی ہے؛ مولانا سِبطِ حیدر اعظمی

حوزہ/ قرآن و عترت فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام بھیک پور میں منعقدہ خمسہ مجالسِ عزائے فاطمیہ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سِبطِ حیدر اعظمی نے سورۂ کوثر کی روشنی میں عطا اور ظرفیت کے باہمی تعلق کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو ان کی استعداد اور گنجائش کے مطابق نعمتوں سے نوازتا ہے۔ مجلس سے مولانا سید شمع محمد رضوی نے بھی خطاب کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بھیک پور، سیوان، بہار: ایامِ عزائے فاطمیہ کی مناسبت سے قرآن و عترت فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام ہندوستان کے مختلف علاقوں میں جاری دینی و تبلیغی سرگرمیوں کے سلسلے میں بہار کے ضلع سیوان کے علاقے بھیک پور میں بھی خمسہ مجالسِ عزائے فاطمیہ کا اہتمام کیا گیا، جس میں مقامی و بیرونی علمائے کرام، ذاکرین اور نوحہ خوانوں نے شرکت کرکے دخترِ رسول حضرت فاطمہ زہراؑ کی مظلومانہ شہادت پر بارگاہِ اہل بیت علیہم السلام میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔

حوزہ علمیہ آیت اللہ خامنہ ای کے اراکین کی فراہم کردہ اطلاع کے مطابق، قرآن و عترت فاؤنڈیشن کی جانب سے ہر سال ایامِ فاطمیہ کے موقع پر مختلف دینی و تبلیغی پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔ ماہِ جمادی الاول میں ’’حضرت زہرا شناسی‘‘ اور ’’ولایتِ فقیہ شناسی‘‘ کے عنوان سے پورے مہینے نشستوں کا اہتمام کیا جاتا ہے، جبکہ ماہِ جمادی الثانی کے آغاز میں چاند رات سے قبل ’’محبانِ ام الائمہ‘‘ کے عنوان سے مجالسِ عزاء کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔

اسی طرح چاند رات سے خمسہ مجالسِ عزاء کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے، جس کے بعد شامِ غریباں اور ولایتِ فقیہ کانفرنس منعقد ہوتی ہے۔ اس کانفرنس میں تقاریر اور مقالات کے علاوہ مختلف کتابوں کی رونمائی بھی عمل میں آتی ہے۔

اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے امسال بھی بھیک پور، سیوان، بہار میں خمسہ مجالسِ عزائے فاطمیہ کا سلسلہ جاری رہا۔ مجالس میں مقامی اور بیرونی ذاکرین و نوحہ خوانوں نے پیش خوانی، سوز خوانی اور نوحہ خوانی کے ذریعے عزائی ماحول کو مزید پُرسوز بنایا۔

عطا کا تعلق ظرفیت سے ہے؛ مولانا سِبطِ حیدر اعظمی کا خطاب

خمسہ مجالس کی پہلی اور دوسری شب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سِبطِ حیدر اعظمی نے سورۂ مبارکہ کوثر کی آیتِ کریمہ ﴿إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ﴾ کی روشنی میں عطا اور ظرفیت کے باہمی تعلق کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی عطا ہمیشہ بندے کی ظرفیت اور استعداد کے مطابق ہوتی ہے۔ عطا کرنے والا سامنے والے کی گنجائش اور ظرف کو مدنظر رکھتے ہوئے نوازتا ہے۔

انہوں نے اس مفہوم کو واضح کرنے کے لیے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی شخص نشے کا عادی ہو اور اپنی ضرورت کے لیے کسی کے سامنے ہاتھ پھیلائے تو محض سخاوت کے جذبے سے اسے رقم دے دینا بظاہر مدد تو ہے، لیکن اگر اس رقم کے غلط استعمال کا اندیشہ ہو تو یہ عطا اس کے لیے فائدہ مند ثابت نہیں ہوگی۔ اس مثال سے واضح ہوتا ہے کہ عطا کے ساتھ مستحق کی ظرفیت اور ضرورت کو ملحوظ رکھنا بھی ضروری ہے۔

مولانا سِبطِ حیدر اعظمی نے سلسلۂ کلام کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی سب سے پہلی عطا یہ ہے کہ اس نے ہمیں نیستی سے ہستی عطا کی، عدم سے وجود بخشا، وجود کو نشوونما دی اور پھر اسے تازگی و کمال سے نوازا۔ یہ پروردگار کا پہلا کرم، پہلا انعام اور پہلا فیض ہے کہ اس نے ہمیں عدم سے نکال کر وجود کی نعمت عطا فرمائی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے کروڑوں مخلوقات میں سے انسان کو ایسی مخلوق بنایا جو خواہشات رکھنے کے ساتھ عقل و شعور کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔ پھر جب اس نے انسان میں مزید گنجائش دیکھی تو اسے مقامِ تسلیم سے نواز کر مسلمان بنایا، پھر ایمان کی منزل عطا کی، اس کے بعد تقویٰ، ولایت، نبوت اور رسالت کے مراتب سے سرفراز فرمایا۔ اسی طرح ظرف اور استعداد کے مطابق اولوالعزم انبیاء اور مقامِ خلت و حمد تک پہنچنے کے اعلیٰ مراتب عطا فرمائے۔

مولانا سِبطِ حیدر اعظمی نے اپنے بیان کو سمیٹتے ہوئے کہا کہ جب ظرفیت اپنی تکمیل کو پہنچ گئی تو اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو معراج پر بلا کر فرمایا: ﴿إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ﴾۔ گویا اللہ تعالیٰ نے ہر مرحلے پر ظرف کی گنجائش کے مطابق عطا فرمائی، یہاں تک کہ عطا کا یہ سلسلہ اپنے کمال کو پہنچ گیا۔

مولانا سید شمع محمد رضوی کا خطاب؛ منقبت و نوحہ خوانی سے عزائی فضا سوگوار

خمسہ مجالس کے دوران مولانا سید شمع محمد رضوی نے بھی خطاب فرمایا اور حضرت فاطمہ زہراؑ کی مظلومانہ شہادت کے حوالے سے اظہارِ عقیدت کیا۔

مجالس سے قبل جناب محمد جواد قمی اور انور سیتھلی نے شہزادیِ کونین حضرت فاطمہ زہراؑ کی بارگاہ میں پُرسوز سلام پیش کیا، جس سے ماحول رقت انگیز ہوگیا اور حاضرینِ مجلس نے عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔

مجالس کے اختتام پر شہزادیِ کونین حضرت فاطمہ زہراؑ کی مظلومانہ شہادت اور مصائب کے تذکرے پر مشتمل دردناک نوحہ پیش کیا گیا، جس نے عزادارانِ اہل بیت علیہم السلام کو سوگوار کر دیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha