حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،سیوان، بہار/ ہندوستان کی ریاست بہار کے ضلع سیوان کے مختلف علاقوں میں ایام فاطمیہ کی مناسبت سے مجالس عزاء کا انعقاد ہوا، جس میں مومنین نے نوحہ خوانی اور ماتم داری میں شرکت کی۔ ان مجالس کا اہتمام قرآن و عترت فاؤنڈیشن اور حوزہ علمیہ آیۃ اللہ خامنہ ای کے زیرِ انتظام کیا گیا۔
امام جمعہ بھوراپور، مولانا سید علی رضوی نے مجالس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مستقل مزاجی کے ساتھ تعمیری کام انجام دینا وقت کا اہم تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیائے افق میں انہی کارناموں کو جگہ ملتی ہے جو سنجیدہ کوششوں، بلند ہمتی اور پائیداری کے ساتھ انجام دیے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اہل عزاء کی ذمہ داری ہے کہ وہ سیدہ فاطمہ زہرا (س) کے غم میں پوری زندگی مشغول رہیں۔
مولانا سید علی رضوی نے سورہ یوسف کی آیت 90 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا:“بیشک اللہ تبارک و تعالیٰ حسن و خوبی سے کام انجام دینے والوں کا اجر ضائع نہیں کرتا۔”اسی طرح سورہ نجم کی آیت 29 کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا:“اور انسان کو وہی ملتا ہے جس کی اس نے کوشش کی ہو۔”انہوں نے مومنین کو مخلص ہو کر کام کرنے اور اپنے اسلاف کے نقشِ قدم پر چلنے کی تلقین کی۔
مولانا نے بتایا کہ امسال بھی قرآن و عترت فاؤنڈیشن اور حوزہ علمیہ آیۃ اللہ خامنہ ای نے بہار کے مختلف علاقوں میں ایام فاطمیہ کے پروگراموں کا انعقاد بھرپور جوش و خروش کے ساتھ کیا، جن میں ایک روزہ، سہ روزہ اور خمسہ مجالس شامل تھیں۔ مجالس کے اختتام پر شامِ غربت کا خصوصی پروگرام منعقد کیا جاتا ہے، جس میں علماء، شعراء اور نوحہ خواں شرکت کرتے ہیں۔
مجالس کے آخری مرحلے میں ولایتِ فقیہ کانفرنس کا انعقاد کیا جاتا ہے، جس میں تقاریر، شاعری اور کتاب کی رونمائی بھی شامل ہوتی ہے۔ امسال فاضل پور کے علاقے میں منعقد ہونے والا پروگرام نہایت کامیاب رہا۔ اس پروگرام میں صدارتی خطاب خطیبِ اہل بیت مولانا شمیم ترابی نے کیا، جبکہ تلاوت کا شرف مولوی مہدی رضا کو حاصل ہوا۔ مقررین میں مولانا سید علی رضوی اور سید وفادار حسین رضوی شامل تھے۔
آج کی مخصوص مجلس سے حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید صادق حسین رضوی نے خطاب کیا۔ سوز و نوحہ خوانی سید غلام نجف رضوی نے اپنے ہم نواؤں کے ساتھ پیش کی۔ یہ پروگرام فاضل پور، بہار میں بخوبی انجام پایا۔