تحریر: محمد بشیر دولتی
رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی چہیتی بیٹی اپنے بابا، رحمت للعالمین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت کے بعد کتنے دن زندہ رہیں؟ علماء اور مورخین کے درمیان اس بارے میں بہت اختلاف پایا جاتا ہے۔
دراصل، یہ ایک معرکۃ الآرا تاریخی بحث ہے۔ ہم اسے اختصار کے ساتھ بیان کرنے کی کوشش کریں گے۔
چالیس دن: تاریخی اور حدیثی کتابوں میں کم از کم چالیس دن کا قول بھی ملتا ہے۔ چنانچہ علامہ مجلسی علیہ الرحمہ نے بحارالانوار میں حضرت فضہ سے ایک روایت نقل کی ہے، جس میں جناب فضہ بیان کرتی ہیں کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا اپنے والدِ گرامی کے انتقال کے بعد چالیس دن زندہ رہیں۔
بہتر دن: کتاب مناقب میں علامہ ابن شہر آشوب نے لکھا ہے کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلتِ جانسوز کے بعد بہتر دن زندہ رہیں۔
دو ماہ: بحارالانوار کی ایک روایت کے مطابق، آپ دو ماہ زندہ رہیں۔
پچہتر دن: کتاب الکافی میں علامہ یعقوب کلینی نے لکھا ہے کہ جناب زہرا سلام اللہ علیہا رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت کے بعد پچہتر دن زندہ رہیں۔ اس قول کی بنیاد امام جعفر صادق علیہ السلام کی ایک حدیث ہے، جس میں امام علیہ السلام نے فرمایا ہے کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد پچہتر دن زندہ رہیں۔
تین ماہ: مقاتل الطالبیین میں ابوالفداء کے مطابق، آپ تین ماہ زندہ رہیں۔
پچانوے دن: امام باقر علیہ السلام کی ایک روایت کے مطابق، حضرت زہرا سلام اللہ علیہا رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد پچانوے دن زندہ رہیں۔
چھ ماہ: کشف الغمہ میں ابی شہاب، زہری، عائشہ اور عروہ بن زبیر سے مروی روایت کے مطابق، حضرت زہرا سلام اللہ علیہا چھ ماہ زندہ رہیں۔
سو دن: بحارالانوار کی ایک روایت کے مطابق، آپ سو دن زندہ رہیں۔
آٹھ ماہ: بحارالانوار کی ایک روایت کے مطابق، آپ آٹھ ماہ زندہ رہیں۔ مدت کے اعتبار سے یہ سب سے طویل بیان کردہ مدت ہے۔
ان اختلافات کی کئی وجوہات ہیں۔ ان میں سے ایک وجہ مسلمانوں کے درمیان خود رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تاریخِ وفات میں اختلاف ہے۔
اس حوالے سے کم از کم تین اقوال موجود ہیں:
- اکثر شیعہ علماء کے نزدیک رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت 28 صفر کو ہوئی۔
- اکثر اہلِ سنت کے نزدیک آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت 12 ربیع الاول کو ہوئی، جبکہ بعض اہلِ سنت روایات میں 2 ربیع الاول کی تاریخ بھی ملتی ہے۔
حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے اپنے والدِ گرامی کی وفات کے بعد زندہ رہنے کی مدت کے حوالے سے تقریباً تیرہ اقوال ہیں۔
ان تیرہ اقوال کو رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی وفات کے تین اقوال سے ضرب دیں تو حاصلِ ضرب انتالیس اقوال بنتے ہیں۔
ان تمام احتمالی اقوال کے سبب حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ شہادت کے تعین میں دنوں اور مہینوں کے اعتبار سے اختلاف پیدا ہوتا ہے۔
چنانچہ بعض روایات کے مطابق، آپ کی شہادت 3 جمادی الثانی کو ہوئی، جیسا کہ سید ابن طاؤوس نے کتاب اقبال اور محدث قمی نے منتهی الآمال میں بیان کیا ہے۔
ابن شہر آشوب نے کتاب مناقب میں 13 ربیع الثانی، جبکہ ابن جوزی نے کتاب تذکرۃ الخواص اور طبری نے تاریخ طبری میں 3 رمضان المبارک کی تاریخ بیان کی ہے۔
بحارالانوار کی ایک روایت میں 27 جمادی الثانی، جبکہ کتاب التواریخ میں محمد تقی سپہر نے 27 جمادی الاول کی تاریخ بیان کی ہے۔
ان تمام روایات اور احتمالات کے باوجود، شیعوں کے درمیان حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کے حوالے سے دو قسم کی روایات زیادہ مستند سمجھی جاتی ہیں۔
شیعوں میں یہ مسلم ہے کہ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت یا شہادت 28 صفر، 11 ہجری کو ہوئی اور رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت کے پچہتر یا پچانوے دن بعد حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت ہوئی۔ گویا حضرت زہرا سلام اللہ علیہا رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت کے بعد فقط پچہتر یا پچانوے دن زندہ رہیں۔
پچانوے اور پچہتر دن کے اختلاف کی وجہ کیا ہے؟
احادیث میں یہ اختلاف کیوں پایا جاتا ہے؟ اسے سمجھنے کے لیے ہمیں عربی زبان کے ابتدائی دور، یعنی اوائلِ اسلام کے زمانے کے عربی رسم الخط کو سمجھنا ہوگا۔
اوائلِ اسلام میں قرآنِ مجید، احادیث اور روایات لکھتے وقت نقطے اور اعراب نہیں لگائے جاتے تھے۔
حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کی تاریخ کے حوالے سے قدیم روایات میں پچہتر یا پچانوے لکھنے کا طریقہ تقریباً ایک جیسا تھا۔ دونوں کے لیے ’’س ع ی ن‘‘ (سعین) لکھ دیا جاتا تھا۔ اسے پڑھتے وقت لوگ رسم الخط میں موجود حروف کی ساخت دیکھ کر اپنی طرف سے نقطے لگاتے تھے۔ کسی نے ابتدا میں دو نقطے لگا کر ’’تسعین‘‘ اور کسی نے سین کے بعد نقطہ لگا کر ’’سبعین‘‘ پڑھا۔
یوں سبعین، یعنی ستر، اور تسعین، یعنی نوے، دونوں طرح کی روایات عام ہو گئیں۔
بقولِ شہید مطہری، بعد میں علماء نے اس پر تحقیق کی اور تسعین، یعنی نوے دن، کو معتبر قرار دیتے ہوئے اسے درست جانا۔ لہٰذا 3 جمادی الثانی کو آپ کی تاریخِ شہادت قرار دیتے ہیں۔
لہٰذا، 13 جمادی الاول سے لے کر 3 جمادی الثانی تک کے ایام کو ایامِ فاطمیہ کہا جاتا ہے۔
3 جمادی الثانی سے 20 جمادی الثانی تک کے ایام بھی حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی ولادت کی مناسبت سے آپ کی عظمت و مرتبت کو پڑھنے، سمجھنے اور بیان کرنے کے ایام ہیں۔ گویا پورا ماہِ جمادی الاول اور جمادی الثانی کے ابتدائی بیس دن، یعنی مکمل چالیس روز، ایامِ فاطمیہ ہی ہیں۔ یہ چالیس روز تمام مختلف روایات اور احتمالی تاریخوں کے مجموعے کے برابر ہیں۔
نتیجہ
ان ایام میں رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی چہیتی بیٹی پر آپ کی رحلت کے بعد جو مظالم ڈھائے گئے، انہیں بیان کیا جاتا ہے۔ اسی طرح شیعہ اور سنی کی مستند کتابوں میں حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی شان میں موجود قرآنی آیات، سورتوں اور احادیث کو بھی بیان کیا جاتا ہے۔
اگر آپ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی شان، عظمت اور مظلومیت کو سمجھنا چاہتے ہیں تو آپ کا تعلق جس مسلک سے بھی ہو، اپنے ہی مسلک کی مستند تاریخی، حدیثی اور تفسیری کتابیں ضرور پڑھ لیجیے۔ خداوند قرآن
مجید میں ارشاد فرماتا ہے کہ
قُلۡ لَّاۤ اَسۡـَٔلُکُمۡ عَلَیۡہِ اَجۡرًا اِلَّا الۡمَوَدَّۃَ فِی الۡقُرۡبٰی
ترجمہ۔
کہدیجئے ! میں اس (تبلیغ رسالت) پر تم سے کوئی اجرت نہیں مانگتا سوائے قریب ترین رشتہ داروں کی محبت کے۔
۔(سورہ شورای آیت نمبر 23 )
سارے مسلمان متفق ہیں کہ آخری وقت میں رسول خدا کے قریب ترین اور عزیز ترین شخصیت حضرت فاطمہ الزہراء تھیں۔ ذوی القربیٰ کا اولین اور کامل ترین مصداق حضرت زہرا کی ہیں ، لہذا ان کی محبت اور مودت ہی اجر رسالت ہیں ۔ بطور مسلمان یہ آیت ہم سے بھی اجر رسالت کا مطالبہ کررہی ہے تو حضرت زہراء کی عظمت اور مقام کو سمجھنا اور ان کے احترام کا قائل ہونا ہماری بھی شرعی و اخلاقی زمہ داری ہیں۔ ایک سال میں چالیس دن اس ہستی کی معرفت حاصل کرنے کے لئے اس شخصیت کے بارے میں پڑھنا اور جستجو کرنا کوئی بڑی بات نہیں ہے،آئیں خود سے یہ عہد کریں اور اس عہد کو پورا کریں
منابع و مآخذ:
1. قرآن مجید
2. اصولِ کافی، جلد اول
3. بحارالانوار، جلد 43
4. مقاتل الطالبیین
5. فکرِ مطہر، جلد نہم










آپ کا تبصرہ