بدھ 18 نومبر 2026 - 13:25
قرآن کریم سے وابستگی معاشرہ کے لیے خیر و برکت کا ذریعہ ہے

آیت اللہ حسینی بوشہری:

قرآن کریم سے وابستگی معاشرہ کے لیے خیر و برکت کا ذریعہ ہے

قرآن کی تلاوت پر اکتفا نہیں کرنا چاہیے، ہر شخص اپنی ذمہ داریوں کو قرآن کریم کے مطابق پرکھے اور عمل کرے

حوزہ / آیت اللہ حسینی بوشہری نے کہا: قرآن کریم کی محض تلاوت پر اکتفا نہیں کرنا چاہیے۔ ہر شخص کو چاہیے کہ وہ جس منصب اور مقام پر فائز ہے، اپنی ذمہ داریوں کو قرآن کی آیات کے مطابق پرکھے اور ان پر عمل کرے۔ آج جس چیز کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، وہ قرآن کریم پر عمل کرنا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اوقاف و امورِ خیریہ کی تنظیم کے قرآنی امور مرکز کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین سید ناصرالدین نوری زادہ اور صوبہ قم کے اوقاف و امورِ خیریہ کے ذمہ داران نے آیت اللہ سید ہاشم حسینی بوشہری سے ملاقات اور گفتگو کی۔

آیت اللہ حسینی بوشہری نے رہبر شہید انقلاب (قدس سرہ) اور حالیہ مسلط کردہ جنگ کے دیگر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا: ہمیں امید ہے کہ شہداء کے خون کی برکت سے ہمارا ملک دشمنوں کی سازشوں سے محفوظ رہے گا اور اسے عزت و سربلندی نصیب ہوگی۔

انہوں نے اوقاف و امورِ خیریہ کی تنظیم کی جانب سے قرآن کریم کے مقابلوں کے انعقاد کا ذکر کرتے ہوئے کہا: انقلاب اسلامی کی کامیابی کی برکت سے قرآن کریم اسلامی حکومت کے دستورِ عمل کی حیثیت اختیار کر گیا اور آئینِ اسلامی کو قرآن و اہل بیت علیہم السلام کی نورانی روایات کی بنیاد پر مرتب کیا گیا۔

جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کے سربراہ نے کہا: ماضی میں جب قرآن کریم کی تلاوت کی بات ہوتی تھی تو بالخصوص مصر سمیت دیگر ممالک کے قراء کو دعوت دی جاتی تھی لیکن آج بین الاقوامی قرآنی مقابلوں میں ایرانی قرآنی شخصیات شرکت کرتی ہیں اور بعض اوقات ان ممالک کے قراء پر بھی سبقت لے جاتی ہیں جو ماضی میں اس میدان میں نمایاں مقام رکھتے تھے۔

انہوں نے قرآن کریم سے وابستگی کو معاشرے کے لیے خیر و برکت کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے مزید کہا: قرآن کی آیات دلوں کو سکون بخشتی اور انسان کو اطمینان عطا کرتی ہیں۔

قم کے امام جمعہ نے کہا: قرآن کریم کی محض تلاوت پر اکتفا نہیں کرنا چاہیے۔ آج سب سے زیادہ جس چیز کی ضرورت ہے، وہ قرآن کریم پر عمل ہے۔ ہمیں ایسا ماحول تشکیل دینے کی کوشش کرنی چاہیے جو حقیقی معنوں میں قرآنی ماحول ہو۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha