تحریر: سید نثار علی ترمذی
وقت بہت تیزی سے گزر رہا ہے اور کئی شخصیات جن کی عالم میں دھوم تھی وہ وقت کی دبیز چادر میں چھپ کر رہ گئ ہیں۔ جن شخصیات کے وارث زندہ اور آگاہ ہوں وہ اپنی شخصیت کو فراموش نہیں ہونے دیتے اور جن شخصیات کی وارث کوئی ملت ہو، وہ فراموش ہو جائے تو سوال تو ملت کے بارے میں بھی اٹھے گا کہ وہ زندہ و پائندہ ہے یا نہیں ۔ بہرحال یہ بحث جاری رہے گی اور ہم آپ کو اپنی شخصیت کے بارے میں کچھ بتلاتے ہیں۔
سید امداد حسین کاظمی 5 اکتوبر 1905ء کو گجرات، پنجاب، پاکستان میں پیدا ہوئے۔
آپ کے والد بزرگوار کا نام سید عباس علی کاظمی ہے۔ آپ کاسلسلہ نسب بتیس واسطوں سے حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام تک پہنچتا ہے ۔ آپ نے ابتدائی تعلیم گجرات میں حاصل کی، بعد ازاں اپنے ننھیال وزیر آباد، گوجرانولہ میں حاصل کی بالآخر لاہور تشریف لائے۔ یہاں السنہ شرقیہ فارسی ،عربی اور اردو کے امتحانات پاس کیے اور پنجاب یونیورسٹی سے منشی فاضل، ادیب فاضل اور مولوی فاضل کی اسناد حاصل کیں۔ گیانی، گرمکھی اور انگریزی میں بی اے کیا۔ قیام لکھنؤ میں، ایک مباحثہ میں علمی مسئلہ حل کرنے پر علماء کرام نے " شمس الافاضل " کا خطاب و سند بھی عنایت کی۔ اس کے علاؤہ صرف و نحو ، علم نجوم ، جفر، فلسفہ، منطق اور مناظرے میں ید طولی رکھتے تھے۔
خدمات
مئی 1933ء میں انجمن جعفریہ پونچھ، کی دعوت پر ریاست پونچھ تشریف لے گئے۔ جہاں متعدد مقامات پر خطاب کیے۔ یہاں کے راجہ نے آپ کو "ابولفضل ثانی " کا خطاب دیا ۔
لکھنؤ، قم، نجف و کربلا کے علماء نے اجازہ جات عطا فرمائے۔ علامہ مرتضیٰ حسین صدر الافاضل مرحوم لکھتے ہیں کہ " مجھ سے صیغہ مواخات تھا۔ میں نے انہیں مقدس، صاحب مطالعہ اور فن حدیث سے باخبر پایا۔ عموماً " الکافی" کا مطالعہ کرتے رہتے تھے۔ قرآن مجید کا مطالعہ اور ترجمہ و تفسیر سے والہانہ عشق تھا۔ سائنس اور قرآن مجید ان کا پسندیدہ موضوع اور مناظرہ ان کا فن تھا۔ اچھا خاصا ذخیرہ کتب تھا جس میں الکافی کا ایک خطی نسخہ تھا جس پر علامہ مجلسی نے محمد اردبیلی کو اجازہ قرائت دیا تھا۔"

متحدہ ہندوستان کے قریباً تمام مذہبی اخبارات و رسائل ان کے نگارشات سے مزین تھے بالخصوص معارف اسلام، شیعہ، رضاکار، اسد، درنجف، المبلغ، اور پیام عمل شامل ہیں۔
ادارہ معارف اسلام رجسٹرڈ پاکستان 1952ء میں قائم ہؤا تو اس سے وابستہ ہو گئے۔ 1955ء سے مجلہ معارف اسلام کے تاحیات سرپرست رہے۔
آپ کی تحریریں اہل سنت کے مجلہ" صوفی " منڈی بہاوالدین، انگریزی نظمیں کلکتہ اور لندن رسالہ " وکٹری" اور دہلی کے رسالہ" کامریڈ " میں شائع ہوتی رہی ہیں۔ آپ انگریزی رسالہ " پوسٹ آفس گزٹ " کے ایڈیٹر بھی رہے ۔
تصانیف
1- اردو ترجمہ و تفسیر و حواشی قرآن مجید بنام تفسیر المتقین ،یہ مختر تفسیر قران مبین کے حاشیہ پر لکھی گئی۔ اس تفسیر کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ ہر بات کی سند قول معصوم سے دی گئی ہے۔ تفسیر متقین اس کا تاریخی نام ہے اس سے بحساب ابجد قمری کا اس کا سن طباعت 1381 ھ برآمد ہوتا ہے۔ اس پر علماء کرام نے زوردار لفظوں میں تقاریظ لکھی ہیں۔ ملک پاکستان اور بھارت کے علاوہ ایران میں بھی اس کا چرچہ ہوا۔ چنانچہ ایرانی اخبارات بالخصوص روزنامہ" وظیفہ" تہران نے اپنے شمارہ نمبر 181 صفحہ 3( دور جدید شمارہ مسلسل نمبر 731 مجریہ 8 1381 بعنوان "در مورد تفاسیر قران" اس پر بہترین ریویو کیا. اس رسالہ سیارہ ڈائجسٹ نے قرآن نمبر جلد 14 بابت مارچ 1970ء میں ریو کرتے ہوئے اسے مطابق آئمہ معصومین لکھا ہے۔
2- فتنہ تفسیر بالرائے، منکر حدیث غلام احمد پرویز کی رد میں ہے۔
3- تحقیق مہدی، گوجرانولہ کے ایک قادیانی مبلغ نے اپنے رسالہ " دعائے ابراہیم " میں آیت قرآنی وَ اِذْ یَرْفَعُ اِبْرٰهٖمُ الْقَوَاعِدَ مِنَ الْبَیْتِ وَ اِسْمٰعِیْلُؕ-رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّاؕ-اِنَّكَ اَنْتَ السَّمِیْعُ الْعَلِیْمُ۔ کا مصداق مرزا غلام احمد قادیانی کو بتایا اور شیعوں پر تعریض کی۔ یہ رسالہ اس کی رد میں ہے۔
4- الفاطمہ، اس میں سیدہ سلام اللہ علیھا کا تقابل حضرت مریم و حوا سے کر کے دختر رسول کی افضلیت ثابت کی ہے۔
5- برکات محرم بجواب بدعات محرم، سیالکوٹ کے ایک دشمن اہل بیت کے گستاخ رسالہ "بدعاتِ محرم "کا تحقیق کی جواب ہے۔
6- تطبیق الشہادت
مولوی ابو عیسیٰ حشمت دہلوی، اہل قرآن ( چکڑالوی)نے اپنے رسالے اشاعتہ القرآن بابت ذیقعدہ 1341ھ بمطابق 15 جولائی 1943ء میں واقعہ کربلا کا انکار کر کے قرآن مجید سے شہادت حضرت امام حسین علیہ السلام کا ثبوت طلب کیا تھا یہ کتاب اس ثبوت میں لکھی گئی۔
8- معلم الاسلام
بچوں کے لیے دینیات کا رسالہ بطور سوال و جواب ہے اس میں علاوہ اصول دین ،فروع دین اور بنیادی مسائل مثلاً وضو تیمم اور نماز کی مکمل ترکیب درج کی گئی ہے۔
10- اخلاق المعصومین, چہاردہ معصومین کے اخلاق کریمانہ کے ذکر میں ہے۔ ہر معصوم کے ذکر سے پہلے آپ کے حالات زندگی پر مشتمل ایک ایک جدول لگا دیا گیا ہے جس سے اس کتاب کو تاریخی حیثیت حاصل ہو گئی ہے۔
11- استقرار حق عزاداری ضخیم
12- حق سادات
13- ملک چین میں اسلام و ائمہ علیہم السلام کا تعارف
حکومت پاکستان افیسر ریٹائرڈ نے جو سید بھی ہیں اور شیعہ بھی نے مولانا امداد حسین کاظمی مرحوم کےایک مضمون " پنجتنی مچھلی" جو اخبار" در نجف" میں شائع ہوا تھا پراپنی ناواقفیت کی بنا پر چین کے لوگوں کو اسلام آئمہ اہل بیت علیہم السلام کی ناواقف بنا کر تنقید کی۔ اس میں اس کا مدلل جواب دیا گیا ہے۔
14- بشریت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے" مثل" مندرجہ قران ہونے پر قران اور عقل کی روشنی میں موقع کا نہ بحث اور یہ ثابت کیا کہ آپ "مثل بشر" رہے ہیں کہ نہ "محض بشر" دونوں فرق قران مجید سے واضح کیا گیا ہے۔
15- امی نبی
اس بات پر محققانہ بحث کی گئی ہے کہ انحضرت کو کن معنوں میں" امی" کہا گیا کتب لغت وغیرہ سے ثابت کیا کہ لفظ "امی" کے معنی صرف ان پڑھ کے نہیں ہیں. قابل دین
16- جنتری کا قرآنی تصور
17- تحقیق الروایات
واقعات کربلا کے متعلق جو غلط روایات مشہور ہو چکی ہیں اس رسالہ میں ان کی نشاندہی اور صحت کی گئی ہے نیز غلط روات پڑھنے، پڑھانے اور سننے والوں کو آئمہ علیہم السلام کی تنبیہ اور مجتہدین عظام کے فتوے درج کیے گئے ہیں۔
18- کاسر الانف، پشاور کی قادیانی جماعت کے گستاخ رسالہ " قاطع الانف " کے جواب میں لکھا گیا ۔
19- مشعلہ
لکھنؤ کے آزاد خیال نئی روشنی کے دل دلدادہ جناب کاظم صاحب کے رسالہ " مسئلہ " کے جواب میں ہے۔مصنف نے انبیاء کرام کے معجزات اور جناب عیسیٰ کی معجزانہ پیدائش سے انکار کر کے سائنس سے ثبوت طلب کیا تھا۔
21- وجود باری تعالیٰ، یہ کتاب روسی صدر " خرد شیف کی تقریر انکار خدا " کے اثرات کم کرنے کے لیے لکھی گئی۔
22- عدل باری تعالیٰ، اس میں منکر عدل خداوند متعال کو مدلل جواب دیا گیا ہے ۔
23- رد ہفوات شرالبریہ کا جواب آئینہ عقائد شیعہ، جس میں شیعوں کے خلاف لکھی گئی کتاب "آئینہ عقائد شیعہ" کا جواب دیا گیا ہے۔
25- تحریم صدقہ و سادات
یہ رسالہ جناب مفتی سید محمد جعفر صاحب زیدی کے اس فتویٰ کے رد میں لکھا گیا جس میں انہوں نے خلاف احکام رسول آئمہ معصومین بعض علماء کے فتووں کے غیر سادات کے بعض صدقات کو از خود مستحبہ اور تحفہ قرار دے کر سادات عظام پر حلال اور جائز کر دیا۔
26- مسائل حج
27- احترام قبور
28- بعثت الانبیاء فی امم الدنیا
29- زہدہ المعارف
30- رویت ہلال
31- جنتری کا تصور اقوال ائمہ کی روشنی میں
32- کلمہ علیا ولی اللہ کا جزو اذان ہونا
33- تحقیق ضواد و الدواد
34- استقرار حق عزاداری
35- افضلیت سادات
رحلت
علامہ مرتضیٰ حسین صدر الافاضل آپ کے آخری دنوں کو یاد کرتے ہوئے لکھتے ہیں " کہ قرآن مجید کے بارے میں مطالعہ و تحریر کا بھی عالم یہی تھا، موصوف نے 17 ستمبر 1975 مجھے لکھا قبلہ محترم دامت مکارکم السامیہ
سلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
ایک تکلیف دیتا ہوں امید ہے آپ معاف فرمائیں گے۔ مجھے اپ پر یقین کامل ہے۔
تکلیف یہ ہے کہ کہ آپ تحریر فرمائیں کہ پادری جارج سیل قران مجید کا ترجمہ کس مطبع میں طبع ہوا ہے؟ جواب واپسی ڈاک عنایت فرمائیں اور لندن میں جس مکتبے میں طبع ہوا ہے اس کا نام تحریر فرمائیں۔ جواب بیرنگ لفافہ میں دیں۔ میں اسے چھڑوا لوں گا۔ مجھے اور کسی شخص پر اعتبار نہیں ہے۔ صرف آپ کی تحریر کو صحیح سمجھتا ہوں۔ والسلام
19 ستمبر کو خط ملا، 20 سے حالت بدلی۔ 22, ستمبر 1975ء بمطابق 14 رمضان 1395 ھ کو رحلت فرمائی۔ 15 رمضان کو میں نے حسب وصیت لاہور سے جا کر نماز جنازہ پڑھائی اور روز ولادت امام حسن علیہ السلام گجرات کے آبائی قبرستان میں سپرد لحد کیا۔"










آپ کا تبصرہ