اتوار 22 نومبر 2026 - 05:39
عالمی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) نے ایرانی قوم کا اعتماد کھو دیا، آیت اللہ دری نجف آبادی

حوزہ / ایران کے صوبہ مرکزی میں نمائندہ ولی فقیہ نے عالمی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا: اس ادارے نے نہ صرف ایران کو طب، زراعت اور صنعت کے شعبوں میں جوہری سائنس اور ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے میں مؤثر تعاون فراہم نہیں کیا بلکہ اس کی کارکردگی نے ایرانی قوم کا اعتماد بھی ختم کر دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صوبہ مرکزی میں نمائندہ ولی فقیہ آیت اللہ قربان علی دری نجف آبادی نے اپنے درسِ خارج میں آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کے ارتحال پر تسلیت پیش کرتے ہوئے علمائے کرام اور مراجع عظام تقلید کے مقام و مرتبے کی پاسداری اور شعائرِ اہل بیت علیہم السلام کی تعظیم پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا۔

انہوں نے اپنی گفتگو کے دوران عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا: ایجنسی نے نہ صرف طب، زراعت اور صنعت کے شعبوں میں ایران کو جوہری سائنس اور ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کے حوالے سے مؤثر تعاون فراہم نہیں کیا بلکہ اس کی کارکردگی نے ایرانی قوم کا اعتماد بھی ختم کر دیا ہے۔

صوبہ مرکزی میں نمائندہ ولی فقیہ نے اس بین الاقوامی ادارے کے ساتھ روابط کے طریقۂ کار پر نظرثانی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مزید کہا: ہم ایسے نگرانی کے نظام اور طریقۂ کار کے مخالف ہیں جس کا انتظام مغربی ممالک کے ہاتھ میں ہو اور جو مختلف اقوام کی معلومات دشمن طاقتوں کے حوالے کرے۔ ایجنسی کی کارکردگی نے بھی ثابت کر دیا ہے کہ ایسے نظام پر اعتماد کرنے کے حوالے سے سنجیدہ شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں۔

آیت اللہ دری نجف آبادی نے ایران اور عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے درمیان تعاون کی سطح پر نظرثانی کی ضرورت کا ذکر کرتے ہوئے کہا: اس ادارے کی کارکردگی اور ملکی جوہری تنصیبات کے خلاف پیش آنے والے واقعات کے پیش نظر، اس کے ساتھ تعاون جاری رکھنے اور ذمہ داریوں کی سطح پر نظرثانی کی جانی چاہیے۔

انہوں نے اصفہان، نطنز اور خنداب سمیت ملک کے مختلف مراکز اور تنصیبات پر ہونے والے حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: ان حملوں کے نتیجے میں قومی اثاثوں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔ بنیادی سوال یہ ہے کہ یہ اقدامات کس اجازت اور قانونی جواز کے تحت کیے گئے جبکہ ایران کے جوہری مراکز بین الاقوامی نگرانی اور معائنوں کے تحت تھے۔

آیت اللہ دری نجف آبادی نے مزید کہا: جمہوریہ اسلامی ایران اپنی اعلان کردہ پالیسیوں اور مؤقف کے دائرے میں پُرامن مقاصد کے لیے جوہری سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور اس ٹیکنالوجی سے سائنسی، طبی، صنعتی اور توانائی کی پیداوار سمیت مختلف شعبوں میں استفادہ کرتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha