اتوار 22 نومبر 2026 - 13:51
یمن کی مساجد کو تباہ کرنے والے "خادمِ حرمین" کہلانے کے مستحق نہیں!!

حوزہ /  سعودی عرب مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی حفاظت کا دعویٰ کرتے ہوئے دوسروں پر مقدس مقامات کو خطرے میں ڈالنے کا الزام عائد کرتا ہے لیکن دوسری جانب دو ہفتوں سے بھی کم عرصے میں یمن کی سات سے زائد مساجد کو فوجی حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ مقدس مقامات کی حفاظت کے دعوے اور خانۂ خدا کی تباہی کے درمیان یہ ایک واضح تضاد ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمن کے ایک میڈیا ادارے نے اپنے ایک تجزیاتی مضمون میں مقدس مقامات کی حفاظت سے متعلق سعودی عرب کے دعووں اور انصار اللہ پر مقدس مقامات کو خطرے میں ڈالنے کے الزامات کا جائزہ لیتے ہوئے یمن کی مساجد پر ہونے والے حملوں کی نشاندہی کی ہے۔

سعودی عرب کا سرکاری میڈیا ہمیشہ اسلامی مقدس مقامات بالخصوص مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے تحفظ کے موضوع پر توجہ مرکوز رکھتا ہے۔ ریاض مسلسل ان مقامات کو لاحق خطرات کا دعویٰ کرتے ہوئے تحریک انصار اللہ پر ایسے اقدامات میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتا ہے اور خود کو حرمین شریفین کا محافظ قرار دیتا ہے۔

یمن کی مساجد کو تباہ کرنے والے "خادمِ حرمین" کہلانے کے مستحق نہیں!!

لیکن جب ان دعووں کو زمینی حقائق کے سامنے رکھا جاتا ہے تو ایک سنجیدہ اور ناقابلِ انکار سوال سامنے آتا ہے: مکہ مکرمہ کی حفاظت کی بات کیسے کی جا سکتی ہے، جبکہ خود یمن کی مساجد سعودی حملوں کی زد میں ہیں؟

سعودی عرب کے سیاسی بیانیہ میں مقدس مقامات کے موضوع کو مسلسل استعمال کرنے کو ایک پیچیدہ سیاسی اور فوجی بحران میں اسلامی اور عرب حمایت حاصل کرنے اور اپنے لیے سیاسی جواز پیدا کرنے کی کوشش قرار دیا جا سکتا ہے۔ جنگوں کے دوران فریقین بعض اوقات عوامی حمایت حاصل کرنے اور اپنے مؤقف کو درست ثابت کرنے کے لیے مذہبی علامتوں کا سہارا لیتے ہیں تاہم جب یہ دعوے زمینی شواہد اور حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے تو انہیں سنگین سوالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

تنقید کا ایک بڑا حصہ اسی تضاد کی طرف متوجہ ہے۔ یمن کا تنازع اس ملک کی خودمختاری اور سرزمین سے متعلق معاملہ ہے اور مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ سمیت تمام اسلامی مقدس مقامات یمنیوں کے لیے بھی خصوصی اور ناقابلِ تعرض حیثیت رکھتے ہیں۔

لیکن دعووں اور عملی اقدامات کے درمیان سب سے نمایاں تضاد اس وقت سامنے آتا ہے جب دو ہفتوں سے بھی کم عرصے میں یمن کی سات سے زائد مساجد کو سعودیہ کی جانب سے فوجی حملوں کا نشانہ بنایا گیا!

سات مساجد! نہ فوجی چھاؤنیاں، نہ اسلحے کے گودام اور نہ ہی کمانڈ سینٹرز بلکہ اللہ کے وہ گھر جہاں اذان کی صدائیں بلند ہوتی ہیں، جہاں نمازی خدا کے حضور رکوع و سجود کرتے اور اپنی پیشانیاں خاک پر رکھتے ہیں۔

مساجد کو نقصان پہنچانا اور اللہ کے گھروں کو مسمار کرنا ایسے مقدس مقامات کی حرمت پامال کرنے کے مترادف ہے، جن کا احترام دینی تعلیمات اور بین الاقوامی انسانی قوانین دونوں میں واضح طور پر بیان کیا گیا ہے۔ جو خود نمازیوں کے سروں پر مساجد منہدم کرتا ہے، وہ اسلام کی حمایت کا دعویٰ کیسے کر سکتا ہے؟ اللہ کے گھروں کو کھنڈرات میں تبدیل کرکے بیک وقت دو مقدس مساجد کے دفاع کا پرچم کیسے بلند کیا جا سکتا ہے؟

یہیں ایک بڑا اخلاقی تضاد بھی نمایاں ہوتا ہے کہ کوئی سیاسی نظام اسلامی مقدسات کی حفاظت اور حرمین شریفین کی سرپرستی کا دعویٰ کیسے کر سکتا ہے جبکہ یمن میں عبادت گاہوں کی تباہی کے معاملے میں اس کا طرزِ عمل اس کے برعکس ہو؟ دینی و اخلاقی اصولوں کا تقاضا ہے کہ جو شخص اللہ کے گھروں کی حفاظت کا دعوے دار ہو، وہ دنیا کے ہر خطے میں مساجد کی حرمت اور عام شہریوں کی جانوں کے احترام کا پابند ہو، نہ کہ مکہ مکرمہ کے کسی مقدس مقام اور یمن کی کسی مسجد و نمازیوں کی حرمت میں فرق روا رکھے۔

اللہ تعالیٰ سورۂ بقرہ کی آیت 114 میں ارشاد فرماتا ہے: «وَمَنْ أَظْلَمُ مِمَّنْ مَنَعَ مَسَاجِدَ اللَّهِ أَنْ یُذْکَرَ فِیهَا اسْمُهُ وَسَعَیٰ فِی خَرَابِهَا» ترجمہ: ’’اور اس شخص سے بڑھ کر ظالم کون ہوگا جو اللہ کی مسجدوں میں اس کا نام لیے جانے سے روکے اور ان کی ویرانی کے درپے ہو؟‘‘

اس آیت کریمہ کی روشنی میں مساجد کو تباہ کرنے اور اللہ تعالیٰ کی عبادت سے روکنے کی کوشش ظلم کے واضح مصادیق میں سے ہے۔ ایسے واضح معیار کے ہوتے ہوئے اسلامی مقدسات کی حفاظت کا دعویٰ کیسے کیا جا سکتا ہے جبکہ یمن میں اللہ کے گھروں کی تباہی پر بے اعتنائی اختیار کی جائے؟

اب عوامی رائے کوایسے پُرکشش نعروں اور جذباتی بیانات کے ذریعہ مطمئن نہیں کیا جا سکتا جو زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے۔ لوگ دعووں کے ساتھ عملی اقدامات کا بھی جائزہ لیتے ہیں اور یمن میں مساجد کے ساتھ پیش آنے والے واقعات اسلامی مقدسات کی حفاظت کے دعووں کے بارے میں سنجیدہ سوالات پیدا کرتے ہیں۔

تباہ ہونے والی مساجد دوبارہ تعمیر ہو جائیں گی اور ان حملوں میں جان سے ہاتھ دھونے والے نمازیوں کی یاد لوگوں کے حافظے میں ہمیشہ باقی رہے گی لیکن مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی حفاظت سے متعلق دعوے بھی یمن کی مساجد کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کے بارے میں جواب دہی سے ہمیشہ کے لیے بچ نہیں سکتے۔

جو شخص یمن کے کسی گاؤں کی ایک چھوٹی سی مسجد کا احترام نہیں کرتا، وہ مسجد الحرام کی حفاظت کا دعویٰ کیسے کر سکتا ہے؟!

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha