اتوار 22 نومبر 2026 - 13:53
دنیا کو محض سائنسی ترقی نہیں، اخلاق و انصاف پر مبنی تہذیب کی ضرورت ہے؛ شنگھائی تعاون تنظیم میں ایران کی تین تجاویز

حوزہ / سازمان فرہنگ و ارتباطات اسلامی کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین محمد مہدی ایمانی پور نے نئی دہلی میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم کے پہلے تہذیبی مکالمے کے اجلاس میں رکن ممالک کے درمیان ثقافتی اور تہذیبی تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے ایران کی جانب سے تین عملی تجاویز پیش کی ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی اسلامی ثقافت و روابط کی تنظیم (سازمان فرہنگ و ارتباطات اسلامی) کے شعبۂ تعلقات عامہ کے مطابق، حجۃ الاسلام محمد مہدی ایمانی پور نے اپنے خطاب میں اجلاس کی میزبانی پر حکومت اور ہندوستانی عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی تاریخی اور تہذیبی شناخت کی بنیاد پر ہمیشہ مختلف تہذیبوں کے درمیان مکالمے کی اہمیت پر زور دیتا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے 1998ء میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تہذیبوں کے درمیان مکالمے کی تجویز پیش کی تھی، جس کے نتیجے میں 2001ء کو اقوام متحدہ کی جانب سے تہذیبوں کے مکالمے کا سال قرار دیا گیا۔

دنیا کو محض سائنسی ترقی نہیں، اخلاق و انصاف پر مبنی تہذیب کی ضرورت ہے؛ شنگھائی تعاون تنظیم میں ایران کی تین تجاویز

انہوں نے وضاحت کی کہ تہذیبوں کے درمیان مکالمہ صرف خیالات کے تبادلے کا نام نہیں، بلکہ اس کا مقصد مختلف قوموں کی ثقافت، تاریخ اور اقدار کو سمجھنا، مشترکہ مسائل کی نشاندہی کرنا اور اختلافات کو تعاون کے مواقع میں تبدیل کرنا ہے۔ ان کے مطابق یہ عمل اسی وقت کامیاب ہوسکتا ہے جب اسے ثقافتی، علمی اور تعلیمی مشترکہ منصوبوں کے ذریعے عملی شکل دی جائے۔

ایرانی عہدیدار نے جدید دنیا کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں ترقی کے باوجود دنیا آج بھی سماجی انصاف، انسانی عزت و وقار اور انسانی حقوق کے تحفظ جیسے بنیادی مقاصد حاصل کرنے میں ناکام ہے۔

دنیا کو محض سائنسی ترقی نہیں، اخلاق و انصاف پر مبنی تہذیب کی ضرورت ہے؛ شنگھائی تعاون تنظیم میں ایران کی تین تجاویز

انہوں نے غزہ میں جاری مظالم، بچوں اور عام شہریوں کے قتل، میناب کے بچوں کی شہادت، ممتاز دینی شخصیات کی شہادت اور عالمی اداروں کی خاموشی کو موجودہ دنیا کے سنگین مسائل قرار دیا۔ انہوں نے ایک ملک کے صدر کی جانب سے ایک تہذیب کو مٹانے سے متعلق بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عالمی تعلقات کی بنیاد باہمی احترام اور تہذیبوں کے درمیان پرامن بقائے باہمی پر ہونی چاہیے۔

حجۃالاسلام محمد مہدی ایمانی پور نے اسلامی تہذیب کے تصور پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مستقبل کی مطلوبہ تہذیب صرف معاشی ترقی اور سائنسی کامیابیوں تک محدود نہیں ہونی چاہیے، بلکہ اس کی بنیاد سماجی انصاف، روحانیت، اخلاق اور انسانی عزت و وقار پر ہونی چاہیے۔

دنیا کو محض سائنسی ترقی نہیں، اخلاق و انصاف پر مبنی تہذیب کی ضرورت ہے؛ شنگھائی تعاون تنظیم میں ایران کی تین تجاویز

شنگھائی تعاون تنظیم کے لیے ایران کی تین تجاویز

انہوں نے رکن ممالک کے درمیان ثقافتی اور تہذیبی تعاون کو فروغ دینے کے لیے تین تجاویز پیش کیں۔

پہلی تجویز کے تحت رکن ممالک کی لائبریریوں، یونیورسٹیوں، دستاویزی مراکز اور ثقافتی اداروں پر مشتمل ایک مشترکہ نیٹ ورک قائم کرنے کی تجویز دی، تاکہ تاریخی دستاویزات اور قدیم قلمی نسخوں کی شناخت، حفاظت، مرمت اور ڈیجیٹلائزیشن کے لیے مشترکہ کوششیں کی جاسکیں۔ ایران نے اس مقصد کے لیے ایک علاقائی مرکز کی میزبانی کی پیشکش بھی کی۔

دوسری تجویز میں علمی، ادبی اور ثقافتی کتابوں کے ترجمے اور اشاعت کے لیے ایک مشترکہ مرکز قائم کرنے پر زور دیا گیا۔ اس سلسلے میں فارسی علمی و ادبی ورثے کو دوسری زبانوں میں منتقل کرنے اور ابن سینا، فارابی، خوارزمی، خیام اور ابوریحان بیرونی جیسی علمی شخصیات کے افکار کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کی تجویز دی گئی۔

دنیا کو محض سائنسی ترقی نہیں، اخلاق و انصاف پر مبنی تہذیب کی ضرورت ہے؛ شنگھائی تعاون تنظیم میں ایران کی تین تجاویز

تیسری تجویز کے تحت رکن ممالک کے نوجوانوں کے درمیان مکالمے اور رابطوں کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ علمی، تحقیقی اور ثقافتی پروگرام منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا، تاکہ نوجوان مستقبل کی مشترکہ تہذیب کی تشکیل میں فعال کردار ادا کرسکیں۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ ایران اپنے تاریخی، علمی اور ثقافتی وسائل کی بنیاد پر شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان تہذیبی مکالمے اور مشترکہ تعاون کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha