اتوار 22 نومبر 2026 - 15:05
سورۂ کوثر میں پوشیدہ عظمتِ حضرت فاطمہ زہرا (س)؛ معرفتِ اہلِ بیتؑ کا ایک قرآنی زاویہ، ڈاکٹر حسن اختر

حوزہ/ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی معرفت، فضائل و مناقب اور مقام و منزلت کو اجاگر کرنے کے مقصد سے منعقدہ ایک مجلس میں سورۂ کوثر کی تفسیر اور قرآنی آیات کی روشنی میں مقامِ رسالت و عظمتِ اہلِ بیت علیہم السلام پر روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر حسن اختر نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت اور رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے آپ کے خصوصی مقام و تعلق کو بیان کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،سیوان/ والدین کا احترام اور ان کے ایصالِ ثواب کے لیے مجالس و محافل کا انعقاد اسلامی تعلیمات کا اہم حصہ ہے۔ لوگ اپنے مرحومین کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن و حدیث کی روشنی میں مختلف طریقوں سے نیک اعمال انجام دیتے ہیں، قرآن خوانی اور سورۂ فاتحہ کا اہتمام کرتے ہیں، لوگوں کو دعوت دیتے ہیں اور خطبا و ذاکرین کو مدعو کرتے ہیں، تاکہ یہ مجالس بہترین انداز میں منعقد ہوں۔

ماہِ جمادی الثانی کو چونکہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی یاد اور آپ کے فضائل کے بیان سے خصوصی نسبت حاصل ہے، اس لیے ان ایام میں مختلف مقامات پر مجالس کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اسی مناسبت سے بھیک پور سیوان میں مرحوم سید منظور دعالم رضوی، جو محبِ ام الائمہ کے لقب سے معروف تھے، کے ایصالِ ثواب کے لیے بھی ایک مجلس کا انعقاد کیا گیا۔

سورۂ کوثر میں پوشیدہ عظمتِ حضرت فاطمہ زہرا (س)؛ معرفتِ اہلِ بیتؑ کا ایک قرآنی زاویہ، ڈاکٹر حسن اختر

اس مجلس کے انعقاد کا مقصد ایک طرف مرحوم کے لیے سورۂ فاتحہ اور ایصالِ ثواب کا اہتمام کرنا تھا، تو دوسری جانب ان کی اہلِ بیت علیہم السلام، بالخصوص حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے گہری محبت اور عقیدت کو یاد کرنا بھی تھا۔ اس موقع پر ذاکرِ اہلِ بیت ڈاکٹر حسن اختر کو خطاب کے لیے مدعو کیا گیا، جنہوں نے نہایت مؤثر انداز میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے فضائل و مناقب بیان کیے۔

خطاب کے دوران ڈاکٹر حسن اختر نے سورۂ کوثر کی تفسیر بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا: إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ ۝ فَصَلِّ لِرَبِّكَ وَانْحَرْ ۝ إِنَّ شَانِئَكَ هُوَ الْأَبْتَرُ ترجمہ: بے شک ہم نے آپ کو کوثر عطا کیا، لہٰذا آپ اپنے رب کے لیے نماز پڑھیں اور قربانی دیں۔ یقیناً آپ کا دشمن ہی بے نام و نشان رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ سورۂ کوثر مکی سورت ہے، یعنی مکہ مکرمہ میں نازل ہوئی، اور قرآن مجید کی مختصر ترین سورتوں میں سے ہے۔ یہ تین آیات پر مشتمل ہے، لیکن اپنے معانی و مفاہیم کے اعتبار سے علم و معرفت کا ایک وسیع سمندر ہے۔

سورۂ کوثر میں پوشیدہ عظمتِ حضرت فاطمہ زہرا (س)؛ معرفتِ اہلِ بیتؑ کا ایک قرآنی زاویہ، ڈاکٹر حسن اختر

انہوں نے مزید کہا کہ قرآن مجید میں چار سورتیں ایسی ہیں جن کا آغاز لفظ ’’إِنَّا‘‘ سے ہوتا ہے: سورۂ فتح، سورۂ نوح، سورۂ قدر اور سورۂ کوثر۔ ان سورتوں میں اللہ تعالیٰ نے اپنے عظیم افعال اور نعمتوں کا ذکر فرمایا ہے۔

ڈاکٹر حسن اختر نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جب اللہ تعالیٰ اپنی عظمت بیان فرماتا ہے تو اس میں عطا کی جانے والی نعمت کی اہمیت بھی نمایاں ہوتی ہے۔ مثلاً سورۂ حجر میں ارشاد ہوتا ہے: إِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا الذِّكْرَ وَإِنَّا لَهُ لَحَافِظُونَ، یعنی بے شک ہم نے ہی قرآن نازل کیا ہے اور ہم ہی اس کی حفاظت کرنے والے ہیں۔ یہاں اللہ تعالیٰ نے اپنی عظمت بیان فرمائی تاکہ قرآن مجید کی عظمت اور اہمیت واضح ہو۔ اسی طرح سورۂ کوثر میں فرمایا کہ ہم نے آپ کو کوثر عطا کیا، تاکہ اس عظیم عطیہ کی اہمیت اور مقام کو سمجھا جا سکے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں ایک نہایت خوب صورت نکتہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے کائنات کی بے شمار نعمتوں سے نوازا؛ چاند، ستارے، جنت کے چشمے اور دیگر عظیم نعمتیں عطا فرمائیں، لیکن آپ کے والد کا سایہ آپ کے سر پر باقی نہ رہا۔ اس کے پس منظر میں انہوں نے یہ نکتہ بیان کیا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول کی عظمت و منزلت کو اس طرح نمایاں فرمایا کہ پوری کائنات آپ کے احترام میں کھڑی ہو، لیکن رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو کسی کے احترام میں کھڑا ہونے کی ضرورت پیش نہ آئے۔

سورۂ کوثر میں پوشیدہ عظمتِ حضرت فاطمہ زہرا (س)؛ معرفتِ اہلِ بیتؑ کا ایک قرآنی زاویہ، ڈاکٹر حسن اختر

انہوں نے شبِ معراج کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ روایات کے مطابق جب رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم انبیائے الٰہی سے ملے تو سب نے آپ کے احترام میں قیام کیا۔ اس طرح پوری کائنات رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعظیم کرتی ہے، جبکہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جس ہستی کے احترام میں قیام فرماتے ہیں، وہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا ہیں۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ ’’محبِ ام الائمہ‘‘ ایک نہایت پاکیزہ اور بامعنی عنوان ہے۔ جو شخص اپنی زندگی شہزادیٔ کونین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی محبت اور عقیدت میں گزار دے، اس کی خدمات اور وابستگی کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha