حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دہلی نو/ مرجعِ عالی قدر جہانِ تشیع حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کی یاد میں مجلسِ تعزیت و تکریم کا انعقاد مؤسسۂ تعلیمی باب العلم (Babul Ilm Educational Society) و آل انڈیا شیعہ کونسل کے زیرِ اہتمام عمل میں آیا، جس میں علمائے کرام، دینی شخصیات اور مکتبِ اہل بیتؑ سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔

اس مجلس سے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا محمد رضا غروی، صدر اہل بیتؑ کونسل و مدیر مدرسہ امام خمینی رح احمدآباد، اور حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا قاضی سید محمد عسکری نے خطاب کیا۔
مقررین نے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی علمی و معنوی شخصیت کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی بابرکت زندگی کو معارفِ اہل بیتؑ کی ترویج، علومِ اسلامی کی تدریس، طلاب و علماء کی تربیت اور مکتبِ تشیع کی پاسداری کے لیے مسلسل جدوجہد کا ایک روشن نمونہ قرار دیا۔ اس موقع پر حوزہ ہائے علمیہ، بالخصوص حوزۂ علمیہ قم میں ان کے ممتاز علمی مقام اور خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
حجۃ الاسلام مولانا محمد رضا غروی نے اپنے خطاب میں عصرِ غیبت میں فقہاء کے مقام و کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں دین کے عقائدی اور علمی سرحدوں کا محافظ قرار دیا۔ انہوں نے اجتہاد و تقلید کی حقیقت اور فلسفے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی احکام کی معرفت کا بنیادی راستہ اجتہاد ہے، جبکہ وہ افراد جو براہِ راست احکامِ شرعیہ کے استنباط کی صلاحیت نہیں رکھتے، ان کے لیے جامع الشرائط فقیہ کی طرف رجوع کرنا ایک عقلی اور شرعی طریقہ ہے۔

حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا قاضی سید محمد عسکری نے اپنے تفصیلی خطاب میں اسلام میں حکومت و ولایت کے عقلی اور کلامی مبانی کی تشریح کی۔ انہوں نے انسانی معاشرتی ضروریات اور قانون و نظامِ حکمرانی کی ناگزیریت پر گفتگو کرتے ہوئے اسلامی نقطۂ نظر سے حکومت کے حقِ مشروعیت کے سرچشمے کو واضح کیا۔ نیز مختلف انسانی نظام ہائے حکومت کا تنقیدی جائزہ لیتے ہوئے اس اصول پر زور دیا کہ حقیقی اور مطلق حقِ حاکمیت صرف اللہ تعالیٰ کو حاصل ہے اور مکتبِ اسلام میں ولایت کی مشروعیت ارادۂ الٰہی اور نصبِ خداوندی سے وابستہ ہے۔
انہوں نے مزید ائمہ اہل بیتؑ کی روایات، بالخصوص حضرت امام حسن عسکریؑ کی اس حدیث کی روشنی میں جامع الشرائط فقیہ کی خصوصیات بیان کیں، جس میں فقاہت، تزکیۂ نفس و خودنگہداری، دین کی حفاظت، خواہشاتِ نفسانی کی مخالفت اور حکمِ الٰہی کی اطاعت کو بنیادی صفات قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اسلامی معاشرے کی قیادت کے لیے علمی، اخلاقی، سیاسی اور انتظامی صلاحیتوں کا حامل ہونا ضروری ہے۔

اس خطاب کا ایک اہم موضوع مکتبِ تشیع میں مرجعیتِ علمی اور سیاسی و سماجی ذمہ داریوں کے باہمی تعلق کی وضاحت بھی تھا۔ مقرر نے سیرتِ رسول اکرمؐ، امیرالمؤمنین حضرت علیؑ، ائمہ معصومینؑ اور انقلابِ اسلامی کے تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے اسلامی معاشرے کی رہنمائی اور نظامِ حکومت میں اہل اور جامع الشرائط فقہاء کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
مجلس کے ایک دوسرے حصے میں حضرت سید الشہداء امام حسینؑ کے حبیب بن مظاہر کو تحریر کردہ تاریخی مکتوب کے حوالے سے مکتبِ اہل بیتؑ میں فقاہت اور بصیرت کے بلند مقام کو بیان کیا گیا۔ اس مکتوب میں امام حسینؑ نے حبیب بن مظاہر کو رجُلِ فَقِيهِ» کے لقب سے مخاطب فرمایا ہے۔ مقررنے وضاحت کی کہ یہ تعبیر حبیب بن مظاہر کی علمی عظمت، دینی بصیرت، حالاتِ زمانہ کی شناخت اور ولایت سے وفاداری کی عکاسی کرتی ہے۔ اس موقع پر کربلا میں ان کی شجاعانہ و وفادارانہ حاضری اور تحریکِ عاشورا میں ان کے نمایاں کردار کو بھی یاد کیا گیا۔
مجموعی طور پر یہ مجلس آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی علمی و معنوی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ فقاہت، مرجعیت، اجتہاد و تقلید اور اسلامی سیاسی فکر میں ولایت کے مقام و اہمیت کو سمجھنے اور ان مبانی پر غور و فکر کرنے کا ایک مؤثر موقع ثابت ہوئی۔

مقررین نے اپنے اختتامی کلمات میں اس بات پر زور دیا کہ تشیع کے عظیم علماء اور مراجع کے علمی و فکری مشن کو جاری رکھنا، معارفِ اہل بیتؑ کی حفاظت، دینی بصیرت کو فروغ دینا اور اسلامی اقدار کی پاسداری کرنا حوزہ ہائے علمیہ، علماء اور نئی نسل کی اہم ذمہ داری ہے۔
مجلس کا اختتام حضرت ولی عصر امام مہدیؑ کے ظہور میں تعجیل، مرحوم علماء و مراجع کی بلندیِ درجات اور مکتبِ اہل بیتؑ کے خادمین کی مزید توفیقات کے لیے دعا پر ہوا۔










آپ کا تبصرہ