پیر 23 نومبر 2026 - 05:02
تفسیر المیزان مکتبِ تشیع کا عظیم علمی و تفسیری کارنامہ ہے

حوزہ/ حجت الاسلام شیخ محمد حسن صلاح الدین نے کہا: علامہ محمد حسین طباطبائی (رہ) کی تفسیر المیزان نے قرآن فہمی اور تفسیر کے میدان میں مکتبِ تشیع کی علمی عظمت کو نمایاں کیا، اس تفسیر کی تکمیل میں تقریباً بیس سال صرف ہوئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، علامہ محمد حسین طباطبائی (رہ) کے افکار و آثار پر منعقدہ علمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تفسیرِ قرآن "نور الاذہان فی تفسیر القرآن" کے مصنف حجت الاسلام شیخ محمد حسن صلاح الدین نے تفسیر المیزان کی علمی، تحقیقی اور تفسیری عظمت پر روشنی ڈالی اور اسے مکتبِ تشیع کا ایک عظیم علمی کارنامہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا: تفسیر المیزان اپنے علمی معیار، جامعیت اور تحقیقی خصوصیات کے اعتبار سے ایک بے مثال تفسیر ہے۔ شیخ الطائفہ شیخ طوسی(رہ) کی تفسیر التبیان اور علامہ طبرسی(رہ) کی مجمع البیان کے بعد ایک طویل عرصے تک ہماری علمی دنیا میں اس پائے کی کوئی جامع اور تحقیقی تفسیر منظر عام پر نہیں آئی تھی۔ یہی وجہ تھی کہ علماء و محققین اپنے تفسیری مباحث میں زیادہ تر مجمع البیان سے استفادہ کرتے اور اس کے حوالے پیش کرتے تھے۔

شیخ محمد حسن صلاح الدین نے کہا: علامہ طباطبائی (رہ) نے تفسیر المیزان کی تالیف کے ذریعہ ایک عظیم علمی خدمت انجام دی۔ اس تفسیر کی امتیازی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں قرآنی آیات کی تشریح و تفسیر کے ساتھ متعدد علمی، فکری، اعتقادی اور تحقیقی موضوعات کو بھی نہایت جامع اور عالمانہ انداز میں بیان کیا گیا ہے۔

انہوں نے لبنان کے معروف عالم علامہ محمد جواد مغنیہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: علامہ مغنیہ نے اپنی ایک کتاب میں لکھا ہے کہ جب تفسیر المیزان شائع ہوئی تو ان کی تمام تر توجہ اسی کتاب پر مرکوز ہوگئی اور وہ اس کے مطالعے میں اس قدر مشغول ہوئے کہ دیگر کتابوں کا مطالعہ بھی ترک کر دیا۔

تفسیر المیزان مکتبِ تشیع کا عظیم علمی و تفسیری کارنامہ ہے

شیخ محمد حسن صلاح الدین نے مزید کہا: علامہ طباطبائی (رہ) نے تفسیر المیزان جیسی عظیم علمی تصنیف کے ذریعہ مکتبِ تشیع کا علمی و تفسیری مقام بلند کیا اور پوری علمی دنیا میں اس مکتب کی عظمت کو نمایاں کیا۔ ایک زمانے میں مکتبِ تشیع پر یہ اعتراض کیا جاتا تھا کہ شیعہ قرآن فہمی اور اس سے علمی و تفسیری ربط قائم کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے لیکن علامہ طباطبائی (رہ) نے تفسیر المیزان کی صورت میں اس اعتراض کا علمی و عملی جواب دیا اور ثابت کیا کہ مکتبِ تشیع قرآن فہمی اور تفسیر کے میدان میں بھی ایک عظیم علمی و تحقیقی سرمایہ رکھتا ہے۔

انہوں نے علامہ طباطبائی (رہ) کی فلسفیانہ تصانیف کو بھی ان کی نمایاں علمی خدمات میں شمار کرتے ہوئے کہا: ان تصانیف میں متعدد دقیق اور نئے فلسفیانہ مباحث پیش کیے گئے ہیں، جن پر اس سے قبل اس انداز میں گفتگو نہیں ہوئی تھی۔ بعد ازاں شہید آیت اللہ مطہری(رہ) نے ان فلسفیانہ مباحث کی تشریح و توضیح کے حوالے سے گراں قدر علمی خدمات انجام دیں، جس سے ان دقیق مباحث کو سمجھنے اور ان سے استفادہ کرنے میں مزید آسانی پیدا ہوئی۔

خطاب کے اختتام پر شیخ محمد حسن صلاح الدین نے تفسیر المیزان کی تالیف میں علامہ طباطبائی (رہ) کی غیر معمولی محنت، علمی لگن اور مسلسل جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا: علامہ طباطبائی (رہ) روزانہ تقریباً چھ گھنٹے تفسیر کی تالیف پر صرف کرتے تھے۔ ان کی اسی محنت، علمی استقامت اور مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں تقریباً بیس سال کے عرصے میں تفسیر المیزان کی بیس جلدیں مکمل ہوئیں۔

تفسیر المیزان مکتبِ تشیع کا عظیم علمی و تفسیری کارنامہ ہے

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha