پیر 23 نومبر 2026 - 10:54
نوحہ/ ’’مجھ کو ام البنین مت کہنا‘‘

حوزہ/ حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی وفات کے موقع پر حجۃ الاسلام مولانا ظہور مہدی مولائی کا تحریر کردہ نوحہ ’’مجھ کو ام مت کہنا‘‘ اہل بیت علیہم السلام سے محبت اور واقعۂ کربلا کے درد و غم کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ نوحہ حضرت ام البنینؑ کی سیرت، وفاداری اور فرزندانِ امام حسینؑ سے ان کی بے مثال محبت کی یاد تازہ کرتا ہے۔

شاعر: مولانا ظہور مہدی مولائی

حوزہ نیوز ایجنسی|

نوحہ

یہ بقیعہ سے آ رہی ہے صدا

مجھ کو ام البنین مت کہنا

میرا گلشن، خزاں نے لوٹ لیا

مجھ کو ام البنین مت کہنا

اے مدینہ کی عورتوں ھشیار

میں ہوں مولا حسین کی غمخوار

اب یہی نام ہے فقط میرا

مجھ کو ام البنین مت کہنا

جب بھی تم بہر تسلیت آنا

لب پہ کوئی بھی ذکر مت لانا

شہ کا دینا فقط مجھے پرسہ

مجھ کو ام البنین مت کہنا

شیر جیسے مرے جواں بیٹے

اپنے آقا پہ ہو گئے صدقے

آہ پھر بھی نہ بچ سکے مولا

مجھ کو ام البنین مت کہنا

اپنے پیاروں کو اپنے شیروں کو

میں نہ رووں گی اپنے بیٹوں کو

صرف ماتم کروں گی سرور کا

مجھ کو ام البنین مت کہنا

سب درود و سلام ہیں شہ کے

میرے بچے غلام ہیں شہ کے

میں بھی ان کی کنیز ہوں ادنی

مجھ کو ام البنین مت کہنا

میں بقیعہ میں روز جاتی ہوں

مثل ، زھرا کے بلبلاتی ہوں

سب سے کہتی ہوں یہ بصد گریہ

مجھ کو ام البنین مت کہنا

شاہ کے غم میں اپنی جاں دوں گی

کربلا ، عام کرکے دم لوں گی

میں شہ کربلا کی ہوں شیدا

مجھ کو ام البنین مت کہنا

سیرت فاطمہ کو اپنا کر

اپنی آنکھوں سے خون برسا کر

گر نہ کردوں ستم کو میں رسوا

مجھ کو ام البنین مت کہنا

یہ ظہور حزیں حقیقت ہے

بین بی بی کا اک قیامت ہے

پورا اک مرثیہ ہے یہ جملہ

مجھ کو ام البنین مت کہنا

ایران ، قم مقدس

ظہور مولائی القمی

13/6/1448

23/11/2026

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha