پیر 23 نومبر 2026 - 23:34
حضرت ام البنینؑ کی معرفتِ امام اور تربیتِ اولاد نے تاریخ ساز کردار ادا کیا: مولانا مصطفیٰ علی خان

حوزہ/حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی شبِ وفات کی مناسبت سے مولانا ادیب الہندی طاب ثراہ کے گھر واقع پیر بخارہ چوک میں مجلسِ عزا منعقد ہوئی۔ مجلس کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم اور زیارت حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی قرأت سے ہوا، جس کے بعد مولانا مصطفیٰ علی خان ادیب الہندی نے خطاب کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی شبِ وفات کی مناسبت سے مولانا ادیب الہندی طاب ثراہ کے گھر واقع پیر بخارہ چوک میں مجلسِ عزا منعقد ہوئی۔ مجلس کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم اور زیارت حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی قرأت سے ہوا، جس کے بعد مولانا مصطفیٰ علی خان ادیب الہندی نے خطاب کیا۔

حضرت ام البنینؑ کی معرفتِ امام اور تربیتِ اولاد نے تاریخ ساز کردار ادا کیا: مولانا مصطفیٰ علی خان

انہوں نے اپنے خطاب میں حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کے مقام و مرتبہ، معرفتِ امام، تربیتِ اولاد اور امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کے طرزِ عمل کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

مولانا مصطفیٰ علی خان نے کہا کہ حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی عظمت صرف اس نسبت سے نہیں ہے کہ وہ امیرالمومنین علیہ السلام کی زوجہ تھیں، بلکہ ان کی شخصیت کا نمایاں امتیاز معرفتِ امام، اطاعت اور اولاد کی ایسی تربیت ہے جس نے انہیں نصرتِ امام اور حفاظتِ اہل بیت علیہم السلام کے لئے تیار کیا۔

انہوں نے کہا کہ امیرالمومنین علیہ السلام نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کے بعد متعدد شادیاں کیں، لیکن تاریخی حافظے میں آپ کی دیگر ازواج کے مقابلے میں حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کا نام غیر معمولی طور پر نمایاں ہے۔ یہ ان کے مقام اور ان کی اولاد کی عظیم قربانیوں کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔

حضرت ام البنینؑ کی معرفتِ امام اور تربیتِ اولاد نے تاریخ ساز کردار ادا کیا: مولانا مصطفیٰ علی خان

انہوں نے حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا سے نکاح کے سلسلے میں امیرالمومنین علیہ السلام کے اپنے بھائی جناب عقیل سے مشورہ کرنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امیرالمومنین علیہ السلام نے ایک شجاع اور صاحبِ صلاحیت خاندان میں رشتہ قائم کرنے کے لئے جناب عقیل سے مشورہ فرمایا۔ یہ واقعہ اس بات کی اہمیت واضح کرتا ہے کہ اہم خاندانی فیصلوں میں مشاورت کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔ امیرالمومنین علیہ السلام کا یہ طرزِ عمل آنے والی نسلوں کے لئے بھی ایک عملی درس ہے۔

مولانا مصطفی علی خان نے مزید کہا کہ اس انتخاب کا ایک اہم پہلو ایسی اولاد کی تربیت اور تیاری تھا جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اولاد کی نصرت و حفاظت کے لئے ہر قربانی دینے کو تیار ہو۔ امیرالمومنین علیہ السلام امام حسن و امام حسین علیہما السلام کو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرزند کی حیثیت سے دیکھتے تھے اور چاہتے تھے کہ ان کی نصرت و حفاظت کے لئے آپ کے دوسرے فرزند بھی پیش پیش رہیں۔

انہوں نے کہا کہ صرف اولاد کا ہونا کافی نہیں، بلکہ اصل اہمیت اس کی صحیح تربیت کی ہے۔ اولاد ایسی ہونی چاہیے جو اپنے زمانے کے امام کی نصرت اور حفاظت میں اپنا کردار ادا کرے۔ حضرت عباس علیہ السلام اس تربیت کا روشن نمونہ ہیں، جنہوں نے کربلا میں وفاداری، شجاعت اور اطاعتِ امام کی بے مثال تاریخ رقم کی۔

مولانا مصطفیٰ علی خان نے حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کے مقام و مرتبہ کے حوالے سے معرفتِ امام کو بنیادی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی شخصیت کو صرف خاندانی رشتے کی حیثیت سے پہچاننا ایک بات ہے، لیکن اس کی امامِ وقت کی حیثیت سے معرفت رکھنا ایک بلند تر مقام ہے۔ حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا نے امیرالمومنین علیہ السلام کو اپنے شوہر کے ساتھ امامِ وقت کی حیثیت سے بھی پہچانا اور ان کی اطاعت و معرفت کو اپنی زندگی کا حصہ بنایا۔

انہوں نے معاشرے میں مشاورت کے بجائے ہر معاملے میں استخارہ پر غیر ضروری انحصار کے رجحان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے اہم معاملات میں مشورے کی تعلیم دی ہے، لیکن ہمارے معاشرے میں بعض لوگ ذمہ داری قبول کرنے سے بچنے کے لئے مشاورت کے بجائے استخارہ کو ترجیح دیتے ہیں۔ امیرالمومنین علیہ السلام کا جناب عقیل سے مشورہ کرنا اس بات کی عملی مثال ہے کہ اہم فیصلوں میں اہلِ علم و تجربہ سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی سیرت ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ معرفتِ امام، اطاعت، صالح خاندانی انتخاب اور بہترین تربیت کے ذریعہ ایسی نسل تیار کی جاسکتی ہے جو دین و امامت کے دفاع میں تاریخ ساز کردار ادا کرے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha