پیر 23 نومبر 2026 - 23:35
حضرت ام البنین (س)کی عظمت کا ایک نمایاں پہلو امام وقت سے آپ کی غیر معمولی وابستگی ہے، مولانا نقی مہدی زیدی

حوزہ/ہندوستان کے شہر اجمیر کے علاقے تاراگڑھ میں واقع امام بارگاہ آلِ ابوطالبؑ میں حضرت ام البنین فاطمہ کلابیہ سلام اللہ علیہا کے یومِ وفات کی مناسبت سے ’’یادِ ام البنین‘‘ کے عنوان سے مجلسِ عزا منعقد ہوئی، جس میں مؤمنین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کے شہر اجمیر کے علاقے تاراگڑھ میں واقع امام بارگاہ آلِ ابوطالبؑ میں حضرت ام البنین فاطمہ کلابیہ سلام اللہ علیہا کے یومِ وفات کی مناسبت سے ’’یادِ ام البنین‘‘ کے عنوان سے مجلسِ عزا منعقد ہوئی، جس میں مؤمنین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

مجلسِ عزا سے امام جمعہ تاراگڑھ حجۃ الاسلام مولانا سید نقی مہدی زیدی نے خطاب کرتے ہوئے حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کے حسب و نسب، فضائل، اخلاقی اوصاف، سیرت اور اہلِ بیت علیہم السلام سے بے مثال محبت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے حضرت ام البنینؑ کے والد حزام بن خالد بن ربیعہ سے منسوب ایک خواب کا واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ حزام نے سفر کے دوران خواب میں ایک خوب صورت زرہ دیکھی۔ خواب میں ایک سوار نے ان سے کہا کہ اگر وہ یہ زرہ کسی حاکم کو ہدیہ کردیں تو اس کے بدلے انہیں ایسی نعمت حاصل ہوگی جو دینار و درہم سے کہیں زیادہ قیمتی ہوگی۔ اس نے انہیں مقام و منزلت، شرف اور دائمی سرداری کی ضمانت دی۔ بیدار ہونے کے بعد جب حزام نے اپنے ساتھیوں کو خواب سنایا تو ان میں سے ایک نے تعبیر بیان کی کہ انہیں ایسی بیٹی عطا ہوگی جس کے رشتے کے ذریعے انہیں قرب، شرف اور سرداری حاصل ہوگی۔ کچھ عرصے بعد ان کے ہاں بیٹی کی ولادت ہوئی تو انہوں نے اپنے خواب کو سچا پایا۔

مولانا نقی مہدی زیدی نے مزید کہا کہ حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کا اصل نام فاطمہ تھا اور آپ کا تعلق قبیلۂ بنی کلاب سے تھا، جو بنی عامر بن صعصعہ کی ایک شاخ تھا۔ یہ خاندان عرب کے معزز، صاحبِ شجاعت اور بلند نسب خاندانوں میں شمار ہوتا تھا۔ آپ کی والدہ ثمامہ بنت سہیل بن عامر بن مالک بھی اسی قبیلے سے تعلق رکھتی تھیں۔ آپ کے جدِ اعلیٰ ابوبراء عامر بن مالک اپنی غیر معمولی شجاعت کے باعث ’’مُلاعِبُ الأَسِنَّة‘‘ (نیزوں سے کھیلنے والا) کے لقب سے مشہور تھے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت ام البنینؑ نہ صرف ایک شریف اور بہادر خاندان سے تعلق رکھتی تھیں بلکہ خود بھی علم و ادب، فصاحت و بلاغت اور اعلیٰ اخلاقی صفات سے آراستہ تھیں۔ تاریخی منابع میں آپ کو فصیح اللسان اور صاحبِ ذوق شاعرہ کے طور پر یاد کیا گیا ہے۔

خطیب مجلس نے امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کے حضرت عقیل بن ابی طالب سے مشورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آپؑ نے ایسے خاندان کی خاتون کے انتخاب کی خواہش ظاہر کی جو شجاعت اور بہادری میں معروف ہو، تاکہ اس سے ایسے فرزند پیدا ہوں جو بہادری اور مردانگی میں ممتاز ہوں۔ حضرت عقیل نے حضرت فاطمہ بنت حزام کا انتخاب تجویز کیا اور ان کے خاندان کی شجاعت و عظمت بیان کی، جس کے بعد حضرت علی علیہ السلام نے ان سے عقد فرمایا۔

مولانا نقی مہدی زیدی نے حضرت ام البنینؑ کی اہلِ بیت علیہم السلام سے بے مثال وفاداری بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ حضرت علی علیہ السلام کے گھر تشریف لائیں تو امام حسنؑ اور امام حسینؑ کو مخاطب کرکے فرمایا کہ میں اس گھر میں آپ کی ماں بن کر نہیں آئی ہوں، کیونکہ جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی اولاد کے مقابلے میں میری کیا حیثیت ہے؛ بلکہ میں آپ کی خدمت اور کنیزی کے لیے آئی ہوں۔ آپ نے اپنی پوری زندگی میں اس قول کو عملی طور پر ثابت کیا۔ آپ نے امام حسنؑ اور امام حسینؑ کی بیماری کے دوران ان کی تیمارداری کی اور ہمیشہ ان کی دل جوئی اور خدمت کو اپنے لیے باعثِ افتخار سمجھا۔ یہاں تک کہ حضرت علی علیہ السلام سے درخواست کی کہ انہیں فاطمہ کے نام سے نہ پکاریں، تاکہ کہیں بچوں کو اپنی والدہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی یاد سے تکلیف نہ پہنچے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی عظمت کا ایک نمایاں پہلو امام حسین علیہ السلام سے آپ کی غیر معمولی وابستگی ہے۔ واقعۂ کربلا کی خبر ملنے پر آپ نے سب سے پہلے امام حسینؑ کی خیریت دریافت کی اور اپنے چاروں فرزندوں کی شہادت کی خبر سننے کے باوجود آپ کی توجہ امام حسین علیہ السلام کی جانب مرکوز رہی۔ روایات کے مطابق آپ نے امام حسین علیہ السلام کی شہادت پر طویل عرصے تک گریہ و ماتم کیا اور مرثیے پڑھے۔

مولانا نقی مہدی زیدی نے حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام اور آپ کے دیگر فرزندوں کی شہادت کے بعد حضرت ام البنینؑ کے درد بھرے اشعار بھی پیش کیے:

لاتدعونی ویک ام البنین

تذکرینی بلیوث العرین

کانت بنون لی ادعی بھم

والیوم اصبحتُ ولا من بنین

اربعة مثل نسور الرّبی

قد واصلوا الموت بقطع الوتین

ان اشعار کا مفہوم بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حضرت ام البنینؑ فرماتی ہیں: مجھے ام البنین نہ کہو، کیونکہ یہ نام میرے دلاور شیروں کی یاد تازہ کرتا ہے۔ میرے کئی بیٹے تھے جن کی نسبت سے مجھے ام البنین کہا جاتا تھا، لیکن آج میرا کوئی بیٹا باقی نہیں رہا۔ میرے چاروں بیٹے پہاڑی عقابوں کی مانند تھے، جو سب کے سب شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوگئے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha