پیر 23 نومبر 2026 - 23:44
جمہوریہ اسلامی ایران کی ناقابلِ شکست قوت کا بنیادی سرچشمہ "شہادت کی آرزو" ہے

حجت الاسلام والمسلمین سید علی خمینی:

جمہوریہ اسلامی ایران کی ناقابلِ شکست قوت کا بنیادی سرچشمہ "شہادت کی آرزو" ہے

عوام جنگ کی مشکلات تو برداشت کر سکتے ہیں لیکن امتیازی سلوک اور بدعنوانی کو ہرگز قبول نہیں کریں گے

حوزہ / حجت الاسلام والمسلمین سید علی خمینی نے کہا: شہادت کا کلچر جمہوریہ اسلامی ایران کی ناقابلِ شکست قوت کا بنیادی سرچشمہ ہے۔ عوام معاشی مشکلات، غربت اور پابندیوں کے دباؤ کو برداشت کر سکتے ہیں لیکن امتیازی سلوک اور بدعنوانی کو ہرگز قبول نہیں کریں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام والمسلمین سید علی خمینی نے حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا میں منعقدہ قومی کانفرنس ’’شکوہ ایثار‘‘ سے خطاب کے دوران شہداء کے اہل خانہ کے مقام و منزلت اور ان کے صبر و استقامت کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا: روایات میں آیا ہے کہ خداوند متعال شہید کے اہل خانہ کے درمیان خود اس کا جانشین ہوتا ہے۔ یہ الٰہی وعدہ شہداء کے خاندانوں کے لیے اطمینان اور سکون کا عظیم ذریعہ ہے۔ اسی طرح جو شخص شہداء کے اہل خانہ کو خوش کرتا ہے وہ درحقیقت خداوند متعال کی خوشنودی حاصل کرتا ہے اور انہیں اذیت پہنچانا خدا کی ناراضی کا سبب بنتا ہے۔

انہوں نے شہادت کے کلچر کو ایرانی قوم کی استقامت اور عالمی طاقتوں کے مقابلے میں اس کی ناقابلِ شکست حیثیت کا بنیادی سبب قرار دیتے ہوئے کہا: یہ کلچر حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آپ کے اہل بیت علیہم السلام کے راستے سے وابستہ ہے۔ گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران دنیا کی بڑی طاقتوں نے جمہوریہ اسلامی ایران کے خلاف وسیع پیمانے پر دباؤ اور سازشیں کیں لیکن شہادت کے اسی جذبے نے قوم کو ثابت قدم رکھا۔

حجت الاسلام سید علی خمینی نے حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی شخصیت کو ایثار و فداکاری کی عظیم مثال قرار دیتے ہوئے کہا: انہوں نے اپنے چاروں فرزندوں کو امام حسین علیہ السلام کی نصرت اور دفاع میں قربان کیا۔ آج بھی شہداء کی ماؤں اور بیویوں میں یہی جذبہ دکھائی دیتا ہے کہ وہ اپنے عزیزوں کی قربانی کے باوجود اپنے عزم اور استقامت پر قائم ہیں۔

انہوں نے شہادت کے کلچر کے دو بنیادی ارکان بیان کرتے ہوئے کہا: پہلا رکن خدا کی راہ میں خالصانہ جدوجہد اور دوسرا دنیا کی حقیقت اور آخرت کی اہمیت کو سمجھنا ہے۔ شہداء نے اپنی دنیاوی محبتوں اور تعلقات سے بالاتر ہو کر رضائے الٰہی اور دینی اقدار کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔

حجت الاسلام والمسلمین خمینی نے حالیہ جنگوں کے دوران اپنی ذمہ داریاں نبھانے والے حکام کی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا: ملک کے بعض اعلیٰ حکام اور فوجی و سول ذمہ داران نے مشکل حالات میں بھی اپنی ذمہ داریاں نہیں چھوڑیں اور بعض نے اسی راہ میں جام شہادت نوش کیا۔ ایسے خدمت گزار افراد کی قدردانی ضروری ہے لیکن جو لوگ مشکل حالات میں بھی ذاتی مفادات کے لیے کوشاں رہتے ہیں، ان کے خلاف واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کرنا بھی ضروری ہے۔

انہوں نے امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام کے عہدنامہ مالک اشتر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: حکام کو اپنے قریبی افراد اور اطراف کے لوگوں پر بھی نظر رکھنی چاہیے تاکہ کوئی شخص ان کے منصب اور اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے خصوصی مراعات حاصل نہ کرے اور عوام کے حقوق پامال نہ ہوں۔ اسلامی نظام میں منصب و ذمہ داری کا مطلب عوام کی خدمت اور جواب دہی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha