حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع سکھر کی تحصیل پنوعاقل کے گاؤں دولت خان ڈومکی میں منعقدہ سالانہ مجلسِ عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آلِ نبیؐ نے ہر دور میں اسلام کی بقا، سربلندی اور حق و صداقت کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ سیدۃ النساء العالمین حضرت فاطمۃ الزہراؑ نے نظامِ ولایت کا بھرپور دفاع کیا اور حق و صداقت کی سربلندی کے لیے عظیم کردار ادا کیا۔ آپ کی ذات گرامی معیار حق و صداقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہراؑ کی صداقت کی گواہی قرآن کریم نے دی ہے اور آپؑ صدیقہ کبریٰ کے بلند مقام پر فائز ہیں۔ جن عظیم ہستیوں کی صداقت اور طہارت کی گواہی خود اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کی آیات کے ذریعے دی ہو، ان سے اپنی صداقت ثابت کرنے کے لیے کسی گواہ کا مطالبہ نہیں کیا جاتا۔ اللہ تعالیٰ اور قرآن کی گواہی اہلِ حق کے لیے سب سے بڑی دلیل اور حجت ہے۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے مزید کہا کہ عصر حاضر میں نظامِ ولایت اور امامت کے پیروکار باطل قوتوں کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔ یمن کے عوام کی مزاحمت نے ثابت کیا ہے کہ جارحیت اور ظلم کے ذریعے کسی قوم کے عزم کو شکست نہیں دی جا سکتی، جبکہ یمن میں سعودی جارحیت اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام نظر آتی ہے۔
سالانہ مجلسِ عزا سے سرزمینِ وادی سندھ کے معروف خطیب علامہ سائیں بخش مناظری اور مولانا سید نثار حسین شاہ نے بھی خطاب کیا۔ مجلس عزاء کے بعد انہوں نے وادی سندھ کے معروف خطیب علامہ سائیں بخش مناظری سے بھی ملاقات کی اور موجودہ ملکی و علاقائی صورتحال پر گفتگو کی۔










آپ کا تبصرہ