حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس خبرگانِ رہبری میں قزوین کے عوامی نمائندہ حجت الاسلام والمسلمین علی اسلامی نے تاکستان شہر میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ملکی جغرافیائی سالمیت کے دفاع کے لیے ایرانی عوام بالخصوص تاکستان کے شہریوں کی سڑکوں اور چوراہوں پر بے مثال اور یادگار موجودگی پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا: ملتِ ایران کی استقامت اور میدان میں عوام کی ثابت قدمی نے دشمنوں کو خوف زدہ کر دیا ہے۔ تاہم یاد رہے کہ اسلامی نظام کے خلاف دشمنوں کی سازشیں جاری ہیں اور ان تمام سازشوں کو صرف بصیرت اور رہبرِ معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کی اطاعت کے ذریعے ناکام بنایا جا سکتا ہے۔
مجلس خبرگانِ رہبری کے رکن نے کہا: تفرقہ و اختلاف، دفاعی وسائل اور صلاحیتوں کی کمی اور بیرونی عناصر کی دراندازی ایسے اہم عوامل ہیں جو کسی بھی معاشرے کو شکست اور تباہی کی طرف لے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: شرپسند عناصر مختلف شکلوں میں معاشرے میں داخل ہوتے ہیں اور داخلی مسائل، اقتصادی مشکلات، سیاسی اختلافات کو ہوا دینے اور افکارِ عامہ کو متاثر کرنے کے ذریعہ اپنے مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ بعض اوقات وہ خود کو دوسروں سے زیادہ انقلابی اور مقدس ظاہر کرنے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔
حجت الاسلام علی اسلامی نے عوامی اجتماعات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا: آپ کے یہ اجتماعات مبارک اور قابلِ قدر ہیں۔ عوام نے میدان میں حاضر ہو کر ولایت کی حمایت میں اپنی بنیادی ذمہ داری ادا کی ہے لہٰذا ضروری ہے کہ آپ مضبوطی اور ثابت قدمی کے ساتھ کھڑے رہیں اور اس اتحاد و استحکام کو ہرگز کمزور نہ ہونے دیں۔
انہوں نے آخر میں کہا: ملتِ ایران کی عظمت اور اقتدار کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ضروری ہے۔ عوام کی یہ موجودگی، استقامت اور باہمی یکجہتی ملک کا ایک قیمتی سرمایہ ہے۔










آپ کا تبصرہ