حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے اپنے پیغام میں کہا: اقوام عالم مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے سنجیدہ نہیں ہیں، جس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ گزشتہ 49 برس سے ہر سال 29 نومبر کو فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا عالمی دن منایا جا رہا ہے لیکن اس کے باوجود عالمی برادری مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔ عالمی قوتوں کی اسی بے حسی کے باعث فلسطینی عوام سامراجی و صہیونی مظالم کی چکی میں پس رہے ہیں اور گزشتہ 79 برس سے ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں۔
علامہ ساجد نقوی نے عالم اسلام کی توجہ غزہ کی تباہ کن صورت حال کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا: اسرائیل نے دو سال سے بھی کم عرصے میں غزہ پر دو لاکھ ٹن سے زائد بارود برسایا جو 13 ایٹم بموں کے مساوی ہے۔ اس تباہ کن بمباری کے نتیجے میں غزہ کا 99 فیصد سے زائد علاقہ آلودگی سے متاثر ہو چکا ہے جبکہ فضا، پانی اور زمین زہریلے مادوں کی زد میں آ چکے ہیں۔ اسرائیلی جارحیت نے غزہ کو ماحولیاتی تباہی سے دوچار کر دیا ہے جس کے منفی اثرات کئی دہائیوں بلکہ آنے والی نسلوں تک برقرار رہ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا: غزہ سمیت پورے مشرق وسطیٰ میں انسانیت سسک رہی ہے۔ عالمی معاہدوں اور جنگ بندی کی کوششوں کے باوجود غزہ کے مظلوم بچوں، خواتین، بزرگوں اور نوجوانوں پر سامراجی و صہیونی قوتوں کی جانب سے بمباری اور ظلم و ستم کا سلسلہ جاری ہے۔ اسرائیل فلسطین اور بالخصوص غزہ میں ظلم و بربریت کی تمام حدیں پار کر چکا ہے، لیکن عالمی برادری کی جانب سے مؤثر اور عملی اقدامات کا فقدان انتہائی تشویش ناک ہے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے مزید کہا: وقت کا تقاضا ہے کہ انسانیت کے علمبردار بالخصوص مسلم ممالک، باہمی اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سامراجی و صہیونی مظالم روکنے کے لیے مؤثر عملی اقدامات کریں تاکہ فلسطینی عوام کو مزید قتل و غارت گری، تباہی اور انسانی المیوں سے محفوظ بنایا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہم روز اول کی طرح آج بھی فلسطینی عوام کے جائز عالمی اور انسانی حقوق کی حمایت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے سامراجی و صہیونی قبضے اور وحشیانہ مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا: جب تک مسئلہ فلسطین فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا، مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ہو گا۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے حکومت پاکستان پر زور دیا کہ مسئلہ فلسطین کے مستقل اور پُرامن حل کے لیے عالمی سطح پر مؤثر کردار ادا کرے اور غزہ پر جاری صہیونی جارحیت اور مظالم رکوانے کے لیے ٹھوس عملی اقدامات اٹھائے۔










آپ کا تبصرہ