حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جشنِ مولودِ کعبہ بمناسبت ولادتِ باسعادت یعسوبُ الدین، امامُ المتقین، مولائے متقیان، قسیمُ الجنۃ و النار، حیدرِ کرّار، ابو تراب، امیرالمؤمنین حضرت امام علی بن ابی طالب علیہ السلام کے پُرمسرت موقع پر جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے زیرِ اہتمام حوزۂ علمیہ اثنا عشریہ کرگل کے احاطے میں ایک عظیم الشان محفلِ میلاد منعقد کی گئی۔
مکمل تصاویر دیکھیں:
شدید سردی کے باوجود اس روح پرور محفلِ میلاد میں ضلع بھر سے عاشقان و محبانِ امیرالمؤمنینؑ، علماء کونسل اور جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل سے وابستہ علمائے کرام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے امامِ زمانہ (عج) کی بارگاہ میں ان کے جدِ امجد امیرالمؤمنین حضرت امام علیؑ کی ولادتِ باسعادت پر ہدیۂ تبریک و تہنیت پیش کرتے ہوئے مولا علیؑ سے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر جوانانِ انصار المہدی جمعیت العلماء اثنا عشریہ نے اپنے انچارج احمد حسین شیخ کی قیادت میں اثنا عشریہ چوک اور احاطۂ حوزۂ علمیہ کو دلہن کی طرح سجا کر جشنِ مولودِ کعبہ کی تیاری کی۔ شدید سردی کے باوجود جوانانِ انصار المہدی نے دن رات محنت کرتے ہوئے صرف چار دنوں میں احاطۂ حوزہ کو مکمل طور پر جشن کے لیے آراستہ کیا۔
مزید برآں، مصطفیٰ صالحی اور ان کی ٹیم (اثنا عشریہ نیٹ ورک) نے جشنِ مولودِ کعبہ کی تقریبات کو براہِ راست جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے چینل پر نشر کیا، تاکہ گھر بیٹھے بزرگ حضرات اور ملک کے مختلف شہروں میں زیرِ تعلیم طلاب و طالبات بھی اس بابرکت محفل سے مستفید ہو سکیں۔ اس کے علاوہ حسینی تبرک کمیٹی جمعیت العلماء اثنا عشریہ کی جانب سے تبرکات کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں کرگل جیسے سرد علاقے میں سردیوں کے دوران خاص طور پر استعمال ہونے والی مقامی ڈش “تھکپا” شامل تھی۔

محفلِ میلاد کی صدارت جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے نائب صدر حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ غلام علی مفیدی نے فرمائی، جبکہ بطور مہمانِ خصوصی بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر ضلع کی معزز شخصیات بھی موجود تھیں جن میں لداخ حج کمیٹی کے چیئرمین محمد علی مجاز کا نام قابلِ ذکر ہے۔
جشنِ مولودِ کعبہ کا آغاز حوزۂ علمیہ اثنا عشریہ کرگل کے طالب علم مولانا انور حسین منوری نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا، جس کے بعد تقاریر، منقبت خوانی اور قصیدہ خوانی کا سلسلہ جاری رہا۔
مقررینِ کرام نے حضرت امیرالمؤمنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی سوانحِ حیات، سیرتِ طیبہ اور ولادتِ باسعادت کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی اور امام علیؑ کو پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔ انہوں نے سامعین کو محمد و آلِ محمد علیہم السلام کے نقشِ قدم پر چلنے اور مولا علیؑ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں اپنانے کی تلقین کی، نیز صحیح معنوں میں شیعۂ علیؑ بننے کی کوشش پر زور دیا۔

اس موقع پر خطاب کرنے والوں میں حجت الاسلام والمسلمین شیخ صادق جعفری، حجت الاسلام شیخ عباس روحانی، مولانا خادم حسین عرفانی (طالب علم حوزۂ علمیہ اثنا عشریہ)، حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر شیخ باقر ناصرالدین اور حجت الاسلام والمسلمین شیخ غلام علی مفید کے نام قابلِ ذکر ہیں۔
اس کے علاوہ کاچو احمدی، حبیب اللہ سلسکوٹ، نونو سید باقر ٹرسپون، نونو سید مجتبیٰ منجی، عرفان علی جی ایم پو، نونو منتظر مہدی سنگراہ، ذوالفقار علی داس، ظہیر عباس ساپی، عباس علی (طالب علم حوزۂ علمیہ اثنا عشریہ)، عرفان علی حیدری (طالب علم جعفریہ اکیڈمی آف ماڈرن ایجوکیشن)، شجاعت علی (طالب علم جوادیہ پروجیکٹ کیئر) اور محمد حسین حسنی (طالب علم حوزۂ علمیہ اثنا عشریہ) نے منقبت و قصیدہ خوانی کے ذریعے امیرالمؤمنینؑ کی بارگاہ میں شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔
جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل (JUIAKL) لداخ کے نائب صدر حجت الاسلام والمسلمین شیخ غلام علی مفید نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ امام علیؑ کی حیاتِ مبارکہ انسانیت کے لیے ایک جامع اور لازوال نمونہ ہے۔ آپؑ عدل، علم، شجاعت، تقویٰ، صبر اور رحمت و شفقت کا عملی پیکر تھے اور ان کا طرزِ حکمرانی منصفانہ و اخلاقی قیادت کے لیے ایک کامل معیار ہے۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ امام علیؑ کی تعلیمات اور خطبات، بالخصوص نہج البلاغہ کا گہرائی سے مطالعہ کریں اور ان اقدار کو اپنی ذاتی، سماجی اور عوامی زندگی میں نافذ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ امام علیؑ کے راستے پر چلنا ہی اتحاد، سماجی ہم آہنگی، اخلاقی استحکام اور ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت کی اصل کنجی ہے۔

شیخ غلام علی مفید نے مزید کہا کہ جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل دینی شعور کے فروغ، اہلِ ایمان کے درمیان اتحاد، نوجوانوں کی اخلاقی تربیت اور پُرامن بقائے باہمی کے قیام کے لیے پُرعزم ہے، نیز لداخ کے قیمتی دینی و ثقافتی ورثے کے تحفظ کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے۔
تقریب کے دوران مومنین نے نونہال اور نوجوان منقبت خوانوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور نقد نذرانے پیش کر کے ان کی صلاحیتوں کو سراہا۔ اس موقع پر حوزۂ علمیہ اثنا عشریہ کرگل کے سالانہ امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلاب کو لوحِ تقدیر اور میڈلز سے بھی نوازا گیا۔

پروگرام کا اختتام امن، اتحاد، خوشحالی اور پوری انسانیت بالخصوص عالمِ اسلام کی فلاح و بہبود کے لیے اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا۔
محفل کی نظامت ضلع کرگل کے ابھرتے ہوئے شعلہ بیان مقرر و خطیب مولانا ظفر عباس نے اپنے منفرد اور پرجوش انداز میں انجام دی، جس سے جشنِ مولودِ کعبہ کی رونق میں مزید اضافہ ہوا۔









آپ کا تبصرہ