حجت الاسلام و المسلمین سید رحیم توکل نے نیوز ایجنسی "حوزہ" کے نامہ نگار سے ۲۲ جون کو "تبلیغ اور دینی اطلاع رسانی" کے دن کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے اس دن کی اہمیت بیان کی اور خدا پر توکل و اخلاص کے بعد اس بات پر زور دیا کہ ایک کامیاب مبلغ ِ دین کے لئے ضروری ہے کہ وہ معاشرے کے تقاضوں اور اس کی ضروریات پر بھی توجہ دے اور مخاطب کی شناخت کے بعد تبلیغی کاموں کو ہاتھ لگائے۔
انہوں نے رہبر انقلاب اسلامی کے بیانات کے کچھ حصوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: اسلام میں تبلیغ کا مطلب حقائق اور اسلامی معارف کو لوگوں تک پہنچانا ہے۔
انہوں نے کہا: ایک مبلغ دین کے کام کی اہمیت یہ ہے کہ وہ لوگوں کو حقائق اور اسلامی معارف سے آشنا کرتا ہےاور خدا کی بندگی کی طرف ان کی رہنمائی کرتا ہے اور اس سے گرانقدر کام کوئی نہیں ہے کیونکہ انبیاء اور اولیائے الہی کی ذمہ داری بھی یہی تھی۔
اس معلم اخلاق نے مزید کہا: تبلیغ صرف محرّم، رمضان اور ایام فاطمیہ جیسے تبلیغی ایام میں منحصر نہیں ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہا: مبلغین کو سب سے پہلے لوگوں کے تقاضوں اور ان کی ضرورت کو سمجھنا چاہئے کیونکہ بعض اوقات اخلاقی اور عائلی مسائل کے لئے تقریر کی ضرورت ہوتی ہےاور بعض اوقات دیکھنے میں آتا ہے کہ بیان ہونے والے مطالب بہت زیادہ علمی اور اعلٰی مضامین پر مشتمل ہوتے ہیں جنہیں درک کرنے کی مخاطب میں صلاحیت ہی نہیں ہوتی پس ان نکات کی طرف توجہ ضروری ہے۔