۴ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۴ شوال ۱۴۴۵ | Apr 23, 2024
عراق

حوزہ/عراق میں جاری ایک سرکاری بیان میں جانکاری دی گئی ہے کہ اب تک عراق میں کل 31 لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہیں اور انھیں سخت نگرانی میں رکھا گیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس بہت تیزی کے ساتھ پوری دنیا میں پھیلتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ چین میں روزانہ کئی اموات ہو رہی ہیں اور اب دوسرے ممالک سے بھی اموات کی خبروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ عراق میں بھی کورونا وائرس سے پہلی موت کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ میڈیا ذرائع سے موصول خبروں کے مطابق بدھ کے روز ایک 70 سالہ عالم کی اس مہلک وائرس نے جان لے لی۔

عراق میں جاری ایک سرکاری بیان میں جانکاری دی گئی ہے کہ اب تک عراق میں کل 31 لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہیں اور انھیں سخت نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ شمالی کردش علاقہ کے میڈیکل افسر کے ترجمان نے بتایا کہ اس وائرس کی وجہ سے آج (بدھ) ایک عالم کی موت ہو گئی۔ موت سے پہلے عالم کو شمال مشرقی شہر سلیمانیہ میں الگ تھلگ رکھا گیا تھا۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ عالم نے ایران سے لوٹے کچھ عراقی لوگوں سے ملاقات کی تھی۔ چین اور جنوبی کوریا کے بعد ایران ایسا ملک ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 77 لوگوں کی موت ہو چکی ہے جب کہ 2300 لوگوں سے زیادہ متاثر ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ عراق دراصل ایران کے سب سے بڑے ایکسپورٹ بازاروں میں سے ایک ہے۔ ایرانی زائرین کے لیے عراق کافی اہمیت رکھتا ہے۔ ایران کے لوگ عراق کے نجف اور کربلا کے معروف شہروں کا دورہ کرتے ہیں۔ کورونا وائرس کا معاملہ سامنے آنے کے بعد عراق نے ایران سے ملحق اپنی سرحدوں کو سیل کر دیا ہے اور غیر ملکی شہریوں کی آمد و رفت پر پابندی بھی عائد کر دی ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .