۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
آیت اللہ نوری ھمدانی
شب قدر میں امام زمانہ(عج) کے ظہور کے لئے دعا کریں

حوزہ / ان بافضیلت، توبہ اور خدا کی طرف بازگشت کی راتوں میں خدا سے ہماری پہلی دعا حضرت بقیۃ اللہ الاعظم امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے ظہور کی دعا ہونی چاہیے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شب قدر کی مناسبت سے دئیے گئے آیت اللہ نوری ہمدانی کے پیغام کا متن اس طرح ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

تمام محبان امیر المومنین کو یوم شہادت کے موقع پر تعزیت و تسلیت عرض کرنے کے بعد شبہائے قدر میں چند باتیں عرض کرنا ضروری سمجھتا ہوں۔ آج بشریت کو ہر زمانے سے زیادہ روحانیت اور معنویت کی ضرورت ہے اور بشریات ایک عادل نجات دہندہ کی ضرورت کو شدت سے محسوس کر رہی ہے۔ ان با فضیلت، توبہ اور خدا کی طرف بازگشت کی راتوں میں ہماری خدا سے پہلی دعا ہمارے مولا و آقا حضرت بقیۃ اللہ الاعظم عجل اللہ تعالی فرجہ شریف کے جلد ظہور کی دعا ہونی چاہیے۔ صرف وہی خدا کے اذن سے دنیا کو ظلم و ستم سے نجات دے سکتے ہیں۔ امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ شریف ہی بشریت کیلئے امید کی کرن ہیں۔  آج شام، بحرین، یمن، فلسطین اور دیگر ممالک میں امریکہ، اسرائیل اور ان کے آلہ کاروں نے ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ سب سے دردناک بات یہ ہے کہ اس ظلم و ستم پر عالمی برادری اور بظاہر اسلامی ممالک سب خاموش ہیں۔ ہمیں ان ایام میں تمام مظلوموں کے لیے دعا کرنی چاہیے۔

آج بشریت ایک ایسی بیماری سے برسرِپیکار ہے کہ جس نے تقریبا پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ لوگوں کی بہت بڑی تعداد اس بیماری کا شکار ہے۔ ہمیں استجابت اور نزول قرآن کی ان راتوں میں دست دعا بلند کرنا چاہیے تاکہ بشریت کو اس بیماری سے نجات ملے اور خداوندعالم اس بیماری میں مبتلا افراد کو شفا عنایت فرمائے۔ ہمیں ان راتوں میں اس بیماری میں مبتلا افراد کی خدمت کرنے والوں اور طبی عملے کی کامیابی اور صحت کے لئے بھی دعا کرنی چاہئے۔

آخر میں لوگوں سے درخواست ہے کہ وہ فقراء اور معاشرے کے نادار افراد کی مدد سے غافل نہ رہیں۔ حکام کو بھی چاہیے کہ وہ مشکلات میں گرفتار دیندار اور صبر کرنے والے ہم وطنوں کی ہر ممکن مدد کریں تاکہ لوگوں کو اس سے زیادہ اقتصادی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ان شاء اللہ خدا کے لطف وکرم، باہمی تعاون، معصومین علیہم السلام سے توسل اور تمام طبی اصولوں اور ہدایات کی رعایت کرتے ہوئے ہم ان مشکلات سے نجات حاصل کر لیں گے۔

 ملتمس دعا

 20رمضان المبارک ۱۴۴۱  ھ۔ق

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .