حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حجت الاسلام والمسلمین حبیب اللہ فرحزاد نے حرم حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ ذیقعدہ بہت بابرکت اور اہم مہینہ ہے۔ ایک قول کے مطابق 23 ذیقعدہ کو امام رضا علیہ السلام کا یوم شہادت ہے۔ اس دن حضرت(علیہ السلام) کی زیارت کی بہت تاکید کی گئی ہے۔ لیکن ان دنوں چونکہ مشہد مقدس میں کرونا عروج پر ہے اس لیے دور سے زیارت جامعہ کبیرہ پڑھی جا سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ۲۵ ذیقعدہ روز دحوالارض ہے۔ روایات میں اس دن روزہ رکھنے کی بہت تاکید کی گئی ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین فرحزاد نے کہا: متقی اور پرہیزگارشخص حقیقی شیعہ ہے اور صرف زبانی کلامی شیعہ ہونا کافی نہیں ہے۔ روایات میں آیا ہے کہ جو شخص شیعہ ہونے کا دعویٰ کرتا ہے لیکن اہل بیت علیہم السلام کے فرامین کے برعکس عمل کرتا ہے تو وہ حقیقی شیعہ نہیں ہے اور تقویٰ کے بغیر ایمان کو بھی خطرات لاحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یقین کا مرحلہ و مقام تقویٰ سے بلند تر ہے۔ یقین کی منزل بہت اہم ہے اور اس کی وجہ سے انسان اخروی سعادت حاصل کر سکتا ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین فرحزاد نے آخر میں کہا کہ تسلیم و رضا وہ بلند ترین مقام ہے کہ جس کو انسان حاصل کرسکتا ہے۔ تسلیم کا معنی خدا کی رضا پر راضی ہونا ہے اور روایات میں ہے کہ مقام تسلیم و رضا تک پہنچنے والے شخص کی دعا خدا کی بارگاہ میں قبول ہوتی ہے۔